سعودیہ کی طرح کویت بھی پاکستان سے دفاعی معاہدہ کا خواہشمند
کویت پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو نمایاں طور پر بڑھانے کا خواہاں ہے:برطانوی میڈیا

اسلام آباد: (ویب ڈیسک)میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کویت پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کو نمایاں طور پر بڑھانے کا خواہاں ہے۔ برطانوی میڈیا ’’رائٹرز ‘‘ کے مطابق کویت سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان موجود دفاعی تعاون جیسے ماڈل سے استفادہ کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جن شعبو ں میں تعاون زیرِ غور ہے، ان میں فوجی تربیت اور مشترکہ مشقیں، دفاعی مہارت اور تکنیکی تعاون، دفاعی سطح کے عسکری وفود کا تبادلہ اور دفاعی سلامتی کے امور پر قریبی رابطہ شامل ہے ۔
واضح رہے پاکستان اور کویت کے درمیان پہلے سے دفاعی تعاون کا معاہدہ موجود ہے، تاہم رائٹرز کے مطابق کویت اسے مزید وسعت دے کر ایسے فریم ورک تک لے جانا چاہتا ہے جیسا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی دہائیوں سے مختلف شعبوں میں قائم ہے تاہم اب تک کویت یا پاکستان کی جانب سے کسی نئے دفاعی معاہدے یا مخصوص منصوبے کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس وقت یہ معاملہ دونوں ممالک کے درمیان جاری مشاورت اور تعاون بڑھانے کی خواہش کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔



