پاکستانتازہ ترین

ستھرا پنجاب پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کا حکم، مریم نواز کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت

لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ستھرا پنجاب پروگرام سے متعلق خصوصی جائزہ اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور بہتر بنانے کے لیے متعدد اہم ہدایات جاری کی گئیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے مارکیٹوں اور بازاروں میں یکساں طرز کی ڈسٹ بنز اور گاربیج بیگز استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کمرشل ایریاز سے ویسٹ اٹھانے کے لیے باقاعدہ اوقات کار مقرر کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے مرکزی شاہراہوں کی صفائی اور دھلائی صبح 5 بجے شروع کرنے جبکہ مختلف علاقوں میں موجود خالی پلاٹس کی صفائی بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

صفائی ورکرز کی تنخواہوں میں تاخیر پر فوری ایکشن کا حکم

مریم نواز نے ستھرا پنجاب کے ورکرز کو ہر ماہ کی 5 تاریخ تک تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ کمپنیوں سے ورکرز کو ادائیگی کی ماہانہ رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ نے ستھرا پنجاب کے کنٹریکٹرز کی واجب الادا رقوم بھی جلد از جلد ادا کرنے اور تنخواہوں میں تاخیر کی صورت میں فوری کارروائی کی ہدایت کی۔

انہوں نے صوبہ بھر میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کلیکشن یقینی بنانے اور اے ڈی سی سوشل سروسز کو صفائی کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کرنے کا حکم دیا۔

گلی محلوں، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں کی صفائی پر بھی توجہ

وزیراعلیٰ پنجاب نے علاقائی ضروریات کے مطابق صفائی ورکرز اور مکینیکل مشینری کی کمی پوری کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سکولوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور ہسپتالوں کے گردونواح کے علاوہ پارکس اور گرین بیلٹس میں بھی صفائی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

مریم نواز نے خالی منرل واٹر بوتلوں، جوس کے ڈبوں اور دیگر کچرے کو فوری طور پر ہٹانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں ریلوے ٹریک کے اردگرد شہری علاقوں کی صفائی، شہروں کے داخلی و خارجی راستوں کی روزانہ بروقت صفائی اور سبزی و فروٹ منڈیوں میں خصوصی صفائی پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔

فیلڈ مانیٹرنگ مزید سخت کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز کو متعلقہ کنٹریکٹرز اور ایم ڈی واسا کے ساتھ مسلسل رابطے اور ملاقاتیں کرنے کی ہدایت کی۔ فیلڈ مانیٹرنگ افسران کے لیے یکساں یونیفارم اور موٹر سائیکلوں کی برانڈنگ کا بھی حکم دیا گیا۔

مریم نواز نے کہا کہ کنٹریکٹرز کو جرمانہ کرنے سے پہلے 24 گھنٹے میں بہتری لانے کی مہلت دی جائے۔ جرمانہ کرنا مقصد نہیں بلکہ صفائی کے معیار کو بہتر بنانا اصل ہدف ہے۔

انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام میں کام نہ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب کی گاڑیوں، کنٹینرز اور ویسٹ کلیکشن پوائنٹس کی باقاعدگی سے صفائی کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ صرف شہروں کی مرکزی شاہراہوں کی صفائی کافی نہیں بلکہ گلی محلوں کی صفائی بھی انتہائی ضروری ہے۔

مختلف اضلاع کی کارکردگی کا جائزہ

مریم نواز نے لاہور، خانیوال، اوکاڑہ، اٹک، قصور اور مری کے عملے کو اچھی کارکردگی پر شاباش دی، جبکہ فیصل آباد، سیالکوٹ، شیخوپورہ اور دیگر اضلاع کو کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ نے جاری احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے 7 روز بعد دوبارہ اجلاس طلب کرلیا۔

کیپٹن حمزہ اکرم کو خراج عقیدت

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہنگو میں دہشت گردوں سے مقابلے میں جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن حمزہ اکرم کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے شہید کیپٹن حمزہ اکرم کی بہادری اور قربانی کو سراہتے ہوئے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔

مریم نواز نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی والدہ کے انتقال پر بھی اظہار افسوس کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

میجر محمد طفیل شہید کو بھی خراج عقیدت

وزیراعلیٰ پنجاب نے میجر محمد طفیل شہید، نشانِ حیدر کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے میجر محمد طفیل شہید کی قربانی کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

مریم نواز نے کہا کہ میجر محمد طفیل شہید کی ہمت اور شجاعت پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے، جبکہ شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے ہمیشہ مشعل راہ رہیں گی۔


Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button