لاہور:(محمد قیصر چوہان)پاکستان مائنارٹیز موومنٹ کے چیئرمین پیٹر چارلس سہوترا نے کہا ہے کہ کر سچن کمیونٹی نے پاکستان بنانے میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد اعلیٰ عدلیہ، دفاع، تعلیم، میڈیکل کے شعبوں میں ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں ۔
پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں برابر کی شہری ہیں، ان کے حقوق کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، ملک میں مذہبی ہم آہنگی، امن اور انصاف کے قیام کیلئے اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے،پاکستان میں اقلیتوں کے مذہبی مقامات اور جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے جبکہ اقلیتوں کی قومی وصوبائی اسمبلیوں میں نمائندگی سلیکشن کی بجائے الیکشن کے ذریعے کی جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاکستان مائنارٹیز موومنٹ کے چیئرمین پیٹر چارلس سہوترا نے کہا کہ کر سچن کمیونٹی نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار اداکرنے کیساتھ ملکی دفاع کیلئے بھی بے شمارقربانیاں دی ہیں، آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کی مکمل ضمانت فراہم کرتا ہے،ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے تمام مذاہب اور مسالک کے درمیان احترام اور برداشت کو فروغ دینا ہوگا۔
اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ پاکستان کے آئین کا بنیادی تقاضا ہے، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ سے پاکستان میں امن، اخوت اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط کیا جاسکتا ہے،پاکستان میں بسنے والے ہر شہری کو بلاامتیاز عزت، انصاف اور تحفظ کی فراہمی یقینی بنانا ہوگی۔پاکستان مائنارٹیز موومنٹ کے چیئرمین پیٹر چارلس سہوترا نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے 11 اگست 1947 کو قومی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام مذاہب ہندو، مسیحی، سکھ، بہائی، پارسیوں کو مساوی طور پر آئین پاکستان میں مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور ان کے جان و مال کا تحفظ اور عبادت گاہوں کی حفاظت حکومت پاکستان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
حصول پاکستان میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر مذاہب کے لوگوں نے بھی بھرپور کردار ادا کیا، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قومی سطح پر عملی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ہر شہری کو بلاامتیاز جان، مال، عزت اور مذہبی آزادی کا تحفظ فراہم کرے،اقلیتوں کی آزادی اور حقوق کے تحفظ کیلئے قائداعظم کے افکار پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔



