ایبٹ آباد :(نیٹ نیوز) بزمِ اہلِ قلم حویلیاں اور بزمِ مصنفینِ ہزارہ کے زیرِ اہتمام پہلے ملک شیر محمد تنولی ایوارڈ 2026ء کی پروقار تقریب گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول نمبر 3 ایبٹ آباد میں منعقد ہوئی، جس کی نظامت ڈاکٹر قمر زمان اور فیضان ہاشمی نے کی۔
تقریب میں ہزارہ بھر سے تعلق رکھنے والے 50 لکھاریوں کو سابق سپیکر صوبائی اسمبلی اور ممبر صوبائی اسمبلی مشتاق احمد غنی کے دست مبارک سے ایوارڈز دئیے گئے۔
یہ تقریب اہلِ قلم کی علمی، ادبی اور تحقیقی خدمات کا اعتراف بھی تھا اور کتاب اور اہل کتاب سے محبت کا اظہار بھی۔ تقریب کی صدارت ممتاز ماہرِ تعلیم و دانشور پروفیسر ممتاز حیدر نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی سابق سپیکر صوبائی اسمبلی اور موجودہ ایم پی اے مشتاق احمد غنی تھے۔
مہمانانِ اعزاز میں ادیب، کالم نگار اور بزمِ مصنفین ہزارہ کے چیئرمین ریاض ملک، عظیم ناشاد اعوان، مفتی عنایت الرحمٰن ہزاروی، عاصم نواز خان طاہر خیلی، مولانا محمد اعظم قادری، پروفیسر وحید اختر، ملک شاد محمد خان، اختر خان تنولی سمیت دیگر علمی و ادبی شخصیات شامل تھیں۔
تقریب کے آرگنائزر محمد ثاقب شاد تنولی ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں اہلِ قلم کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں کتاب، قلم اور علم کی شمع روشن رکھنے والے اہلِ قلم درحقیقت تہذیبی ورثے کے امین اور آنے والی نسلوں کے فکری معمار ہوتے ہیں۔
عبدالوحید بسمل، پروفیسر ملک ناصر داؤد ہمایوں راجہ، ظاہر ہاشمی، مختیار آسی تنولی، حافظ محمد عثمان جدون، سردار تنولی، ڈاکٹر منصف خان سحاب، نعیم اختر تنولی، مولانا احسان حیدر، حافظ محمد لقمان عزیز ہزاروی، قاضی ناصر بختیار، عائشہ خالد، عذرا عندلیبِ، انور زمان پرنسپل، کامران عزیز، نسیم حسن اعوان، کیپٹن دوست محمد اعوان، پروفیسر ملک سجاد وزیر، محمد عبداللہ اعوان،
حافظ ملک جمشید اور ہزارہ بھر سے بڑی تعداد میں ادبی شخصیات شامل تھیں۔تقریب سے مہمانِ خصوصی مشتاق احمد غنی اور صدرِ تقریب پروفیسر ممتاز حیدر نے بھی بزمِ اہلِ قلم حویلیاں کی علمی و ادبی خدمات کو سراہتے ہوئے مصنفین کی گراں قدر ادبی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔تقریب کے اختتام پر شرکا کی پر تکلف تواضع بھی کی گئی۔



