
لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مارچ 2027ء میں لاہور میں بسنت منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بسنت کا تہوار 12 سے 14 مارچ 2027ء تک لاہور میں منایا جائے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ 2026ء میں بسنت کے کامیاب انعقاد کے بعد 2027ء میں بھی بسنت منانے کا اعلان کر رہی ہوں۔ لاہور ایک بار پھر رنگوں، ثقافت، جشن اور موسیقی سے جی اٹھے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ جشن عوام کے لیے ہیں، آگے بڑھیں، یادیں بنائیں اور لاہور کو اپنے جذبے سے ایک بار پھر روشن کریں۔
انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں اور بین الاقوامی مہمانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بسنت کی مذکورہ تاریخیں ابھی سے محفوظ کرلیں۔ مریم نواز نے کہا کہ انہیں، لاہور اور پاکستان کو مہمانوں کا انتظار رہے گا اور ان شاء اللہ بسنت 2027ء کو بھی بھرپور کامیاب بنایا جائے گا۔
بسنت 2027ء کو یادگار بنانے کی تیاری
اعلان کے مطابق نوجوان بسنت کی تقریبات میں بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شریک ہوں گے۔ بسنت لاہور 2027ء کو یادگار جشن بنانے کے لیے بھرپور تیاریاں کی جائیں گی، جبکہ لاہور ایک بار پھر رنگ، ثقافت، خوشی اور تہوار کی سرگرمیوں کا مرکز بنے گا۔
صاف پانی کے منصوبوں پر بھی اہم اجلاس
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صاف پانی سے متعلق مسلسل چھٹا اجلاس منعقد ہوا، جس میں واٹر فلٹریشن پلانٹ پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاری منصوبوں پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ بہاولنگر، بہاولپور، راجن پور، تلہ گنگ، اٹک، راولپنڈی، جہلم، رحیم یار خان اور چکوال میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
مریم نواز نے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی سہولت کے پیش نظر ان منصوبوں کی تکمیل انتہائی ضروری ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 9 اضلاع میں 2 ہزار 778 نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے منصوبوں پر رپورٹ پیش کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے رحیم یار خان، بہاولپور، خوشاب اور ڈی جی خان میں واٹر بوٹلنگ منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بریفنگ کے مطابق ہر واٹر بوٹلنگ پوائنٹ سے روزانہ 2 ہزار 500 بوتلیں صاف پانی عوام کو فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ پوٹھوہار کے علاقے میں سمال ڈیم بھی تعمیر کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے 736 غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی کے لیے اقدامات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صاف پانی کی دستیابی ہر فرد کا بنیادی حق ہے۔
اوکاڑہ کے ارکان اسمبلی کی مریم نواز سے ملاقات
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر عاشق حسین شاہ، جاوید علاؤالدین ساجد، چودھری افتخار حسین چھچھڑ، نور الامین وٹو، علی عباس، میاں یاور زمان، میاں محمد منیر اور غلام رضا شامل تھے۔
ملاقات کے دوران صوبے کی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے عوامی مسائل سے آگاہ کیا، جس پر مریم نواز نے مسائل کے حل کی بھرپور یقین دہانی کرائی۔
ارکان اسمبلی نے اوکاڑہ جی ٹی روڈ سے بائی پاس سڑک کی تعمیر و بحالی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا جبکہ شہریوں کے لیے الیکٹرو بس سروس کے آغاز کو بھی سراہا۔
عوامی رابطے مزید بڑھانے کی ہدایت
مریم نواز نے ارکان صوبائی اسمبلی کو عوام سے بھرپور رابطے رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں عوامی منصوبوں کی تکمیل کے لیے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ کام کرنا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے عوام کے معیار زندگی میں بہتری کی خبریں سن کر دل کو سکون ملتا ہے۔ پہلی بار لاہور اور پسماندہ شہروں کے درمیان فرق ختم کیا جا رہا ہے اور ہر شہر اور ہر گاؤں میں الیکٹرو بس چلانے کی جانب پیش رفت جاری ہے۔
اس موقع پر ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب بہتر سے بہترین کی جانب بڑھ رہا ہے۔
اہم نکات
- بسنت 2027ء لاہور میں 12 سے 14 مارچ تک منانے کا اعلان۔
- لاہور کو رنگ، ثقافت، موسیقی اور جشن کا مرکز بنانے کی تیاری۔
- 9 اضلاع میں 2,778 نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کے منصوبے۔
- 736 غیر فعال واٹر فلٹریشن پلانٹس بحال کرنے کا حکم۔
- مختلف اضلاع میں واٹر بوٹلنگ منصوبوں پر پیشرفت۔
- اوکاڑہ میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر ارکان اسمبلی سے گفتگو۔



