پاکستانتازہ ترین

پاکستان میں گوگل آفس کا قیام، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں: شہباز شریف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں گوگل کے مقامی دفتر کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل سے گزر رہا ہے، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے ملکی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔

وزیراعظم نے یہ بات پاکستان میں گوگل کے مقامی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شہباز شریف نے گوگل کی ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور کہا کہ گوگل کے مقامی دفتر کا قیام وقت کی ضرورت تھا، امید ہے کہ پاکستان اور گوگل کے درمیان شراکت داری مستقبل میں مزید فروغ پائے گی۔

وزیراعظم نے اس موقع پر گوگل کے پاکستان میں مقامی دفتر کا افتتاح بھی کیا۔

گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ نے وزیراعظم سے ملاقات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آنا اور یہاں کام کرنا گوگل کے لیے اعزاز ہے۔

انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے آئی ٹی برآمدات کو 30 ارب ڈالر تک لے جانے کے ہدف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہدف گوگل کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔

ولسن ایل وائٹ کے مطابق گزشتہ 10 برس کے دوران گوگل نے پاکستان میں 3.9 ٹریلین روپے کی اقتصادی سرگرمی پیدا کرنے میں کردار ادا کیا، جبکہ اس عرصے میں تقریباً 9 لاکھ 60 ہزار ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گوگل کے مقامی دفتر کے قیام سے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔

نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہنرمند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر، بالخصوص بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے مخلصانہ کوششوں کا عکاس ہے۔

وزیراعظم کے مطابق پالیسی کے تحت اقدامات کے لیے بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔ انہوں نے نوجوانوں، بالخصوص خواتین، کے لیے روزگار کے نئے مواقع میں شمولیت یقینی بنانے اور انہیں ہنرمند بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔

قومی بجلی پلان 2023-27 میں ترامیم منظور

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا، جس میں پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-27 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔

منظور شدہ ترامیم میں توانائی کے شعبے کے لیے مربوط منصوبہ بندی، بجلی کی پیداوار میں اضافہ، دور دراز علاقوں میں قابل تجدید ذرائع سے پیدا ہونے والی بجلی کی فراہمی، بجلی کی سرحد پار تجارت، ترسیلی نظام میں توسیع اور ٹیرف ڈیزائن سمیت مختلف امور شامل ہیں۔

اس کے علاوہ بجلی کی بچت، سسٹم اور مارکیٹ آپریشنز، خطرات کی نشاندہی اور انتظامی امور، ایندھن و ٹیکنالوجی کی مقامی سطح پر استعداد بہتر بنانے، تحقیق و ترقی اور ڈیجیٹائزیشن سے متعلق ترامیم بھی پلان کا حصہ ہیں۔

کمیٹی نے ترامیم کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ان کے حوالے سے حکومت خیبرپختونخوا اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی سے مزید مشاورت بھی کی جائے۔

مربوط توانائی پلان کے ہائی لیول ڈیزائن کی منظوری

کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے پاور ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ مربوط توانائی پلان کے ہائی لیول ڈیزائن کی بھی منظوری دی۔

اس پلان میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کے علاوہ دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو شامل کیا جائے گا۔ منصوبے کا بنیادی مقصد توانائی کے تحفظ اور بجلی کے شعبے میں معاشی مسابقت کو یقینی بنانا ہے۔

منصوبے کے تحت صنعتی اور گھریلو صارفین کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی کے لیے بھی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

اس کے ساتھ کم کاربن اخراج والی توانائی اور بجلی کی پیداوار، ماحول دوست توانائی ذرائع اور موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والے منصوبوں کو فروغ دینے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

پاور اور گیس سیکٹر کے گردشی قرضوں پر رپورٹ پیش

اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے پاور سیکٹر میں گردشی قرضے کے حوالے سے مالی سال 2025-26 کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے گیس سیکٹر کے گردشی قرضے سے متعلق مالی سال 2025-26 کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

عالمی یوم انسانیت پر وزیراعظم کا پیغام

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے خدمت خلق، انسانی ہمدردی، انسانی عزت و وقار اور یکجہتی جیسی مثبت اقدار سے وابستگی کے عزم کی تجدید کی ہے۔

عالمی یوم انسانیت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ساتھ ہم آواز ہوکر جذبہ خدمت خلق، انسانی ہمدردی، انسانی عزت و وقار اور یکجہتی جیسی مثبت اقدار سے اپنی وابستگی کا اعادہ کرتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر انسانیت کے لیے عملی اقدامات کرنے والے ممالک میں نمایاں مقام رکھتا ہے اور عالمی برادری میں ضرورت مند افراد کے ساتھ یکجہتی اور تعاون کی ایک طویل اور قابل فخر روایت کا حامل ہے۔

اہم نکات

  • پاکستان میں گوگل کے مقامی دفتر کا افتتاح۔
  • شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی سے نوجوانوں کو آراستہ کرکے ملکی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔
  • گوگل کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 10 برس کے دوران 3.9 ٹریلین روپے کی اقتصادی سرگرمی پیدا ہوئی۔
  • نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار دینے پر زور۔
  • نیشنل الیکٹریسٹی پلان 2023-27 میں ترامیم کی منظوری۔
  • توانائی کے شعبے میں قابل تجدید ذرائع اور ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دینے کا فیصلہ۔
  • پاور اور گیس سیکٹر کے گردشی قرضوں کی رپورٹس کابینہ کمیٹی میں پیش۔
Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button