کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مزید 9 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے جبکہ دہشتگردوں کے ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ خفیہ اطلاع پر زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی سلسلے میں بڑا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جبکہ ان کے ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔
سوراب میں ایک دہشتگرد ہلاک
سکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوا۔
سکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا تھا، جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔
کارروائی کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹر سائیکل اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں دیرپا امن کے قیام تک بلا تعطل کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان میں دہشتگرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے اور دہشتگردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے کارروائیاں مزید مؤثر بنائی جارہی ہیں۔
دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی: محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے والے بہادر سپوتوں پر فخر ہے۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن جاری ہیں اور جاری رہیں گے۔
اہم نکات
- بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران مزید 9 دہشتگرد ہلاک۔
- زیارت اور ہرنائی کے درمیان کارروائی میں 8 دہشتگرد ہلاک۔
- سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں ایک دہشتگرد مارا گیا۔
- دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیئے گئے۔
- ہلاک دہشتگردوں سے ایمونیشن، میگزین، دستی بم اور دیگر سامان برآمد۔
- محسن نقوی کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین۔
- دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار۔



