لاہور(سلمان حسین سے)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں شروع ہوگا ویسٹ انڈیز کی ٹیم دسمبر 2006 کے بعد پہلی بار ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔
وہ اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ٹیبل میں سب سے نیچے ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان پاکستان میں آخری دفعہ کھیلی جانے والی سیریز میں پی سی بی ہال آف فیمر انضمام الحق کپتان تھے اور یہ سیریز پاکستان نے 0-2 سے جیتی تھی۔2021 میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز آخری دفعہ ریڈ بال فارمیٹ میں آمنے سامنے آئے اور سیریز 1-1 سے برابر رہی۔ شان مسعود کی قیادت میں پاکستان ٹیم گزشتہ سال اکتوبر میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دینے کے بعد مسلسل دوسری ہوم سیریز جیتنے کی کوشش کرے گی۔پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ نے ملتان میں تین روز کی سخت ٹریننگ کی ہیجبکہ کریگ براتھ ویٹ کی قیادت میں ویسٹ انڈین ٹیم نے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں دو دن پریکٹس کی ہے۔
کپتان شان مسعود کا کہنا ہے کہ موجودہ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں یہ ہماری آخری ٹیسٹ سیریز ہے اور ہم اسے جیت پر ختم کرنا چاہیں گے۔ اس فارمیٹ میں ہر میچ بہت اہمیت رکھتا ہے اور ہم سیریز جیت کر مہم کا اختتام کرنے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ویسٹ انڈیز ایک اچھی ٹیم ہے جس میں بہت سے باصلاحیت کھلاڑی ہیں۔
وہ کھیل میں ایک منفرد انداز لاتے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ وہ ہمارا سخت مقابلہ کریں گے۔ٹیسٹ کرکٹ دراصل چیلنجز میں خود کو ڈھالنے اور ان کا مقابلہ کرنے کا نام ہے اور ہم ایک ٹیم کے طور پر ہمارے راستے میں جو بھی آئے اس کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز جیتنے سے ہمیں بہت زیادہ اعتماد اور مومینٹم ملا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ براتھ ویٹ کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان آکر بہت پرجوش ہیں، میں اس سے پہلے کبھی پاکستان نہیں آیا تھا اور شاید زیادہ تر کھلاڑی بھی پہلی بار دورہ کر رہے ہیں اور ہم واقعی سیریز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے منتظر ہیں۔



