صحت انسانی ایک نازک توازن کا نام ہے۔ ہمارا جسم لاکھوں کروڑوں خلیوں کا مجموعہ ہے جن میں ہر لمحہ تبدیلی جاری رہتی ہے۔ قوت مدافعت مضبوط رکھنے کے لیے لازمی ہے کہ ہم جو خوراک روزمرہ استعمال کرتے ہیں وہ نہ صرف بھوک مٹانے کا ذریعہ ہو بلکہ جسم کو توانائی کے ساتھ ساتھ ضروری غذائی اجزا بھی فراہم کرے۔ دنیا بھر کے سائنس دان گزشتہ دو دہائیوں سے ایسی غذاؤں کی تلاش میں ہیں جو جسم کو قدرتی طور پر طاقت بخشیں اور بیماریوں سے تحفظ دیں۔ اسی تلاش نے کئی پرانی دیسی غذاؤں کو نئے زاویے سے متعارف کرایا۔ انہی میں ایک نام السی کے آٹے کا بھی ہے۔
قدیم زمانے میں برصغیر، یونان، ایران اور مصر کے حکماء السی کے بیجوں سے علاج کرتے تھے۔ بعد ازاں جدید سائنس نے تحقیق کی تو معلوم ہوا کہ اس چھوٹے سے بیج کے اندر حیرت انگیز غذائی خزانے پوشیدہ ہیں۔ السی کو انگریزی میں Flaxseed کہتے ہیں اور اس سے نکلنے والا آٹا Flaxseed Meal کے نام سے معروف ہے۔ یہ آٹا دراصل اسی بیج کو پیس کر تیار کیا جاتا ہے اور اس میں بیج کے تمام اجزا موجود رہتے ہیں۔
غذائیت کا خزانہ
ا لسی کے آٹے میں موجود غذائی اجزا حیران کن ہیں۔ اس میں پروٹین، فائی، اومیگا تھری فیٹی ایسڈز، وٹامن بی ون، میگنیشیم، زنک، سیلینیم اور اینٹی آکسیڈنٹس وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ خاص طور پر السی میں پائے جانے والے اومیگا تھری فیٹی ایسڈز الفا لینولینک ایسڈ (ALA) کی شکل میں ہوتے ہیں جو دل کی صحت اور دماغی نشوونما کے لیے نہایت مفید تصور کیے جاتے ہیں۔
فائبر کی مقدار بھی بہت زیادہ ہے جو نظام ہضم کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ آٹا آنتوں کی صفائی، قبض سے نجات اور ذیابطیس کے مریضوں کے لیے بھی فائدہ مند سمجھا جاتا ہے کیونکہ فائبر شکر کے جذب ہونے کی رفتار کو کم کرتا ہے جس سے شوگر لیول ایک دم نہیں بڑھتا۔
دل کے امراض سے تحفظ
دنیا میں امراض قلب سے اموات کی بڑی وجہ غیر متوازن خوراک اور چکنائی کا زیادہ استعمال ہے۔ السی کے آٹے میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈ دل کی شریانوں کا دوست ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ آٹا خون میں موجود نقصان دہ چربی یعنی LDL کولیسٹرول کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق السی کا باقاعدہ استعمال خون کے دباؤ کو نارمل کرنے میں مدد دیتا ہے۔ اگر اسے مناسب مقدار میں روزانہ کھانے کا حصہ بنا لیا جائے تو ہارٹ اٹیک، بلڈ پریشر اور دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی کے امکانات کم ہو جاتے ہیں۔ یہ آٹا خون کو گاڑھا ہونے سے بھی روکتا ہے جس کے نتیجے میں شریانوں میں رکاوٹ کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
وزن میں کمی اور موٹاپے پر قابو
موٹاپا صرف ظاہری خرابی نہیں بلکہ کئی بیماریوں کی ماں ہے۔ دستور ہضم میں خرابی، چکنائیوں کے زیادہ استعمال، جینیاتی اثرات اور جسمانی سرگرمیوں میں کمی کی وجہ سے وزن بڑھنے کی رفتار تیز ہو جاتی ہے۔ السی کے آٹے میں جو فائبر پایا جاتا ہے وہ معدے میں پانی جذب کر کے پھول جاتا ہے جس سے زیادہ دیر تک پیٹ بھرا محسوس ہوتا ہے اور بھوک میں قدرتی کمی آتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے یہ آٹا بہترین معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
فائبر ہاضمے کو درست رکھتا ہے، زائد چربی کے اخراج میں مدد دیتا ہے اور میٹابولزم کو فعال کرتا ہے۔ چوں کہ اس آٹے میں صحت بخش چکنائیاں اور پروٹین بھی موجود ہیں، اس لیے یہ جسم کو کمزور کیے بغیر وزن گھٹانے میں مددگار ہے۔
ذیابطیس کے مریضوں کے لیے مفید
ذیابطیس ایک ایسا مرض ہے جس میں خوراک پر خصوصی توجہ ضروری ہوتی ہے۔ شوگر لیول میں اچانک اضافہ مریض کی صحت کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔ السی کے آٹے میں موجود فائبر خون میں گلوکوز کے جذب ہونے کو دھیمے انداز میں ممکن بناتا ہے جس سے شوگر لیول متوازن رہتا ہے۔ علاوہ ازیں، السی کے اجزا انسولین کی حساسیت بڑھانے میں بھی کردار ادا کرتے ہیں، جس کے باعث انسولین مؤثر طریقے سے کام کرتی ہے۔
ہائی فائیبر غذاؤں کو عالمی معالجین ذیابطیس کے مریضوں کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہیں۔ السی کا آٹا بھی اسی فہرست میں شامل ہے۔
ہارمونز کا توازن اور خواتین کی صحت
السیا میں پائے جانے والے لِگنان (Lignans) نامی کمپاؤنڈ جسم کے ہارمونز پر مثبت اثر ڈالتے ہیں۔ یہ کمپاؤنڈز فائیٹو ایسٹروجنز کہلاتے ہیں، جو جسم میں ایسٹروجن جیسے اثرات پیدا کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہارمونل عدم توازن، ماہواری کے مسائل، اور مینوپاز کے دوران پیدا ہونے والی بے چینیوں میں السی کے فوائد سامنے آئے ہیں۔
طبی تحقیق کے مطابق لِگنان کی موجودگی چھاتی کے سرطان کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے اور قدرے حد تک اینٹی کینسر خصوصیات بھی رکھتی ہے۔
دماغ اور اعصاب کے لیے مفید
اومیگا تھری فیٹی ایسڈز دماغی صحت کے لئے وہی حیثیت رکھتے ہیں جو پودوں کے لیے پانی کی۔ دماغ میں موجود خلیات کی باہمی رابطہ کاری میں اومیگا تھری کا اہم کردار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جو غذا اومیگا تھری سے بھرپور ہو انسانی حافظے اور ذہنی کارکردگی کے لیے انتہائی مفید سمجھی جاتی ہے۔
تحقیقات سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ اعصابی کمزوری، ذہنی تھکاوٹ، ڈپریشن، بے چینی، اور یادداشت کے مسائل میں السی کا باقاعدہ استعمال بہتری لاتا ہے۔
قوت مدافعت میں اضافہ
جسم کی قوت مدافعت وہ دفاعی نظام ہے جو جراثیم، وائرس، بیکٹیریا اور بیماریوں کے حملوں کے خلاف دیوار بن جاتا ہے۔ اگر مدافعتی نظام مضبوط نہ ہو تو معمولی بیماری بھی جسم کو کمزور کر سکتی ہے۔ السی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس، وٹامنز اور معدنیات جسم میں زہریلے مادوں کے اخراج میں مدد دیتے ہیں اور مدافعتی نظام کو مضبوط بناتے ہیں۔
خواتین اور دوران حمل فوائد
اگرچہ اس بارے میں معالج سے مشورہ ضروری ہے تاہم مناسب مقدار میں السی کا آٹا حاملہ خواتین کے لیے بھی فائدہ مند قرار دیا جاتا ہے۔ کیونکہ اس میں موجود اومیگا تھری بچے کی دماغی نشوونما میں مدد دیتا ہے۔ تاہم زیادتی نقصان دہ ہو سکتی ہے اس لیے ڈاکٹر کی ہدایت ضروری ہے۔
جلد اور بالوں کی صحت
السی کے آٹے میں موجود صحت بخش چکنائیاں جلد کو نمی فراہم کرتی ہیں اور خلیاتی سطح پر ہونے والی خارش اور سوزش کو کم کرتی ہیں۔ چہرے کی جھریوں، سیاہ حلقوں اور بے رونقی کو دور رکھنے میں بھی معاون ہوسکتی ہیں۔
بالوں کی خشکی اور کمزوری میں اگر السی کے آٹے کا استعمال باقاعدگی سے کیا جائے تو بال مضبوط ہوتے ہیں کیونکہ اومیگا تھری سر کی جلد میں خون کی روانی بہتر بناتا ہے جس سے فولیکلز فعال رہتے ہیں۔
نظام ہضم کی بہتری
قبض دنیا کی عام ترین بیماری ہے جو بظاہر معمولی دکھائی دیتی ہے مگر وقت گزرنے کے ساتھ سنگین مسائل پیدا کرتی ہے۔ فائبر کی بھرپور موجودگی آنتوں کے فعل کو بہتر بناتی ہے اور قبض سے نجات دیتی ہے۔ السی آنتوں میں ایک حفاظتی تہہ بنا کر زہریلے مادوں کا اخراج آسان کرتی ہے۔
ہڈیوں کی مضبوطی
میگنیشیم اور زنک ہڈیوں کے لیے اہم عناصر ہیں جو السی کے آٹے میں پائے جاتے ہیں۔ یہ آٹا کیلشیم کے جذب ہونے کو بہتر بناتا ہے جس سے ہڈیاں مضبوط رہتی ہیں اور آسٹیوپوروسس جیسے مسائل کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
ذہنی دباو اور نیند
دماغ میں اومیگا تھری کی کمی ڈپریشن، بے خوابی اور ذہنی بے چینی میں اضافہ کرتی ہے۔ السی کا آٹا دماغی کیمیکلز کے توازن کو بہتر بنا کر پرسکون نیند میں مدد دیتا ہے۔
روزمرہ غذا میں استعمال
السی کا آٹا استعمال کرنے کے کئی طریقے ہیں۔ اسے گندم کے آٹے میں ملا کر روٹیاں پکائی جا سکتی ہیں۔ چائے یا دودھ میں ملا کر پیا جا سکتا ہے۔اہم بات یہ ہے کہ زیادہ استعمال نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ ایک سے دو چمچ روزانہ مناسب مقدار ہے۔
احتیاطیں
جن افراد کو خون پتلا کرنے والی ادویات دی جاتی ہیں انہیں ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر استعمال نہیں کرنا چاہیے۔ حاملہ خواتین اور بالخصوص بریسٹ فیڈنگ ماؤں کو بھی معالج سے مشورہ ضروری ہے۔
السی وہ نعمت ہے جس کے فوائد پر سائنسی تحقیق مزید روشن پہلو سامنے لا رہی ہے۔ اس آٹے کے اندر وہ توانائی پوشیدہ ہے جو انسان کو اندرونی طور پر مضبوط بناتی ہے۔ صحت مند دل، متوازن شوگر لیول، مضبوط مدافعت، مضبوط ہڈیاں، وزن میں کمی اور ذہنی سکون وہ تحفے ہیں جو قدرت نے اس چھوٹے سے بیج میں بھر دیے ہیں۔
اگر ہم اپنی غذا میں السی کے آٹے کو مناسب مقدار کے ساتھ شامل کر لیں تو نہ صرف بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے بلکہ بہتر اور توانا زندگی بھی حاصل ہو سکتی ہے۔ قدرت نے اسے شفا کا خزانہ بنا کر ہمارے سامنے رکھا ہے۔ جو لوگ اسے سمجھ کر استعمال کرتے ہیں وہ صحت کے میدان میں آگے بڑھ جاتے ہیں اور جو اسے نظر انداز کرتے ہیں وہ نقصان میں رہتے ہیں۔



