پاکستان میزبانی کے موقف پر قائم، کسی ملک کو شریک نہیں بنائیں گے، قابل قبول فارمولا بورڈ میٹنگ سے پہلے فراہم کیا جائے، مطالبہ
لاہور ( سپورٹس رپورٹر )پاکستان نے چیمپئینز ٹرافی کیلئے ہائبر ڈ ماڈل مسترد کرنے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کے روز ہونیوالی آئی سی سی بورڈ ڈائریکٹر میٹنگ سے قبل ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے رابطہ کرکے بتا دیا ہے کہ ہم ٹورنامنٹ کی میزبانی کے موقف پر قائم ہیں اور اس میں کسی ملک کو شریک نہیں بنائیں گے۔
بورڈ ذرائع نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر آئی سی سی کے پاس مسئلے کا کوئی قابل قبول حل ہے تو میٹنگ سے پہلے ہی ہمیں آگاہ کرے تاکہ ہم تیار ہوکر آئیں، ذرائع کے مطابق پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا قابل قبول فارمولا بورڈ میٹنگ سے پہلے فراہم کیا جائے۔ پی سی بی نے آئی سی سی سے کہا کہ نیوٹرل وینیو پر بھارت سے میچ کھیلنے کا فارمولا بنا تو پاکستان کبھی بھارت جا کر نہیں کھیلے گا۔
اب پاکستان کرکٹ بورڈ کو آئی سی سی کے جواب کا انتظار ہے۔ پاکستان نے ٹورنامنٹ کی کسی اور جگہ منتقلی یا ہائبرڈ ماڈل کا فارمولا یکسر مسترد کر دیا ۔ادھر بھارتی میڈیا پاکستان سے چیمپئینز ٹرافی کو پاکستان سے منتقل کرانے کیلئے دارالحکومت اسلام آباد میں سیاسی جماعت کے احتجاج کو جواز بنا رہا ہے۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بورڈ ممبر کے اجلاس سے محض ایک روز قبل ایونٹ میں شریک دیگر ٹیموں کے بورڈز کو حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور پاکستان کی موجودہ صورتحال کے باعث پلئیرز کی سکیورٹی کے مسائل ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ملک کے موجودہ صورتحال اور بدامنی کی لہر کی وجہ سے ہائبرڈ ماڈل ماننے پر راضی ہوجائے گا کیونکہ دیگر بورڈز نے بھی عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان کا دارالحکومت سیاسی جماعت کے احتجاج کے باعث لاک ڈائون کا شکار ہے جبکہ لوگ پریشانی میں مبتلا ہیں جبکہ سری لنکا اے کے دورے کی منسوخی سے دیگر ٹیمیں بھی پاکستان کا سفر کرنے سے گریز کر رہی ہیں۔ ادھر چیئرمین پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے سٹیڈیم کا دورہ کیا اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ پاکستان بھارت جا کر کھیلے اور وہ یہاں آنے سے انکار کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے جائیں گے اور ایونٹ کیلئے پاکستان کی بہترین ٹیم میدان میں لائیں گے۔ پاکستان اور بھارت کے کرکٹ تعلقات میں بہتری لانے کے لیی آئی سی سی سے مشاورت جاری ہے اور ان کا ارادہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ کے دروازے کھولے جائیں۔



