لاہور (سلمان حسین) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو پینے کا صاف پانی گھر گھر پہنچانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے عزم غیر متزلزل ہے اور جہاں لوگ دور دراز سے پانی لانے پر مجبور ہیں، ان علاقوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے مسلسل پانچواں اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ حکام اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں چکوال، راولپنڈی، راجن پور، فیصل آباد، مری اور اٹک میں واٹر سپلائی پائپ لائن منصوبوں اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے مجوزہ اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چکوال کے 8 دیہات میں ترجیحی بنیادوں پر پانی کی فراہمی کا فیصلہ
اجلاس میں پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے چکوال کے 8 دیہات میں ترجیحی بنیادوں پر واٹر سپلائی فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اسی طرح راجن پور، جام پور، چک شگاری اور داجل میں واٹر سپلائی پائلٹ پراجیکٹ کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
چک جھمرہ اور فیصل آباد کے مضافاتی علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آبادی کے تناسب سے پانی کی ضرورت کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی مکمل تصدیق بھی کی جائے۔
راجن پور میں 21 واٹر باؤزر فراہم کرنے کی ہدایت
مریم نواز نے راجن پور میں فوری طور پر 21 واٹر باؤزر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے روجھان میں بیوٹیفکیشن اور دیگر ترقیاتی منصوبے لانے کا بھی حکم دیا۔
وزیراعلیٰ نے مری میں پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے واٹر ٹینک مہیا کرنے اور نئے واٹر سورس پر کام شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔
مختلف اضلاع میں واٹر فلٹریشن پلانٹس کے منصوبے
اجلاس کے دوران پنجاب صاف پانی اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے متعلقہ اضلاع میں جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے مطابق:
- چکوال: 32 واٹر فلٹریشن پلانٹس موجود ہیں، جبکہ 237 زیر تعمیر ہیں۔ 15 مثالی گاؤں اور 13 ماڈل ویلیج بھی بنائے جا رہے ہیں۔
- راولپنڈی: 246 واٹر فلٹریشن پلانٹس موجود ہیں جبکہ مزید 252 پلانٹس لگائے جائیں گے۔
- اٹک: 77 واٹر فلٹریشن پلانٹس موجود ہیں، 399 زیر تکمیل ہیں جبکہ 9 مثالی گاؤں بنائے جائیں گے۔
- راجن پور: 146 واٹر فلٹریشن پلانٹس موجود ہیں، 191 زیر تکمیل ہیں، جبکہ 12 مثالی گاؤں اور ایک ماڈل ویلیج بنایا جائے گا۔
- مری: 5 واٹر فلٹریشن پلانٹس موجود ہیں جبکہ 90 زیر تکمیل ہیں۔
- فیصل آباد: 343 واٹر فلٹریشن پلانٹس موجود ہیں، جبکہ 4 سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس اور 180 دیگر منصوبے زیر تکمیل ہیں۔
’عوام کو صاف پانی گھر گھر پہنچا کر دم لیں گے‘
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ عوام کو پینے کا صاف پانی پہنچانے کا عزم غیر متزلزل ہے اور پنجاب کے عوام کو صاف پانی گھر گھر پہنچا کر دم لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں ایسے علاقوں کو ترجیح دی جا رہی ہے جہاں لوگ آج بھی کندھوں پر پانی اٹھا کر گھروں تک لے جانے پر مجبور ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پورے پنجاب میں پانی کی فراہمی کو وہ اپنی ذمہ داری سمجھتی ہیں کیونکہ عوام کی خدمت ان کا فرض ہے۔
مریم نواز کی اسکواش چیمپئن ثنا بہادر کو مبارکباد
دریں اثنا وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے آسٹریلیا میں اسکواش کا عالمی ٹائٹل جیتنے والی پاکستانی کھلاڑی ثنا بہادر کو مبارکباد دی۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی بیٹی ثنا بہادر نے PSA Challenger 3 Open 2026 کا ٹائٹل جیت کر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے قومی کھلاڑی کی کامیابی کو پاکستانی کھیلوں کے لیے خوش آئند قرار دیا۔
مریم نواز کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ساس کی عیادت
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز پہنچیں، جہاں انہوں نے زیر علاج سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ساس مسز تاثیر کی عیادت کی۔
اس موقع پر ڈاکٹرز نے وزیراعلیٰ کو ان کی بیماری اور علاج سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
قاضی ندیم اقبال کے انتقال پر اظہار افسوس
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سینئر صحافی قاضی ندیم اقبال کے انتقال پر بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔



