پاکستانتازہ ترین

طوفانی مون سون بارشیں، سیلابی ریلے، مزید 8 افراد جاں بحق، دریائے سندھ اور چناب میں نچلے درجے کا سیلاب

لاہور / اسلام آباد / پشاور (ویب ڈیسک): پاکستان میں مون سون کے تیسرے سپیل نے مختلف شہروں میں شدید بارشوں، سیلابی ریلوں اور حادثات کے باعث معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے۔ مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات کے نتیجے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 8 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب دریائے سندھ اور دریائے چناب میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے، جبکہ متعلقہ اداروں نے مزید بارشوں اور شہری سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش

صوبائی دارالحکومت لاہور میں مون سون کے تیسرے سپیل کے دوران مختلف علاقوں میں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا، تاہم متعدد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں اوسطاً 18 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن میں 52 ملی میٹر ہوئی۔ ایئرپورٹ، جوہر ٹاؤن، گلشن راوی، اپر مال، سمن آباد، اقبال ٹاؤن، لکشمی چوک، سگیاں، گلبرگ، مغل پورہ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔

شیخوپورہ، مریدکے، کاہنہ، گوجرانوالہ، گجرات اور ڈیرہ غازی خان سمیت کئی شہروں میں بھی موسلادھار بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، تاہم کئی نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

چھتیں گرنے اور ڈوبنے کے واقعات، بچوں سمیت متعدد افراد جاں بحق

گوجرانوالہ میں گھر کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق ہوگئے جبکہ کامونکے انڈر پاس میں جمع پانی میں ڈوبنے سے ایک نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا۔

پاکپتن میں بھی بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق جبکہ ان کی والدہ شدید زخمی ہوگئیں۔

راولپنڈی کے نواحی علاقوں میں سیلابی صورتحال

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کے بعد راولپنڈی کے علاقے روات میں ددوچھہ ڈیم کے قریب برساتی نالہ بپھر گیا، جس سے بروالہ اور خانپور سمیت متعدد دیہات زیر آب آگئے۔

سیلابی ریلے کے باعث کئی مکانات منہدم ہوگئے جبکہ مسجد اور مرکزی شاہراہ بھی پانی میں ڈوب گئیں، جس سے مقامی آبادی شدید مشکلات کا شکار ہوگئی۔

خیبرپختونخوا میں بارشوں اور فلش فلڈ سے 12 افراد جاں بحق

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق خیبرپختونخوا میں نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، چترال، لوئر دیر، ہزارہ، کرم اور شمالی وزیرستان سمیت مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں اور فلش فلڈ سے بڑے پیمانے پر نقصان ہوا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 12 افراد جاں بحق جبکہ 18 افراد زخمی ہوئے۔ بارشوں سے 18 گھروں کو نقصان پہنچا جن میں 3 مکمل اور 15 جزوی طور پر تباہ ہوگئے۔

دریائے سندھ اور چناب میں نچلے درجے کا سیلاب برقرار

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ اور دریائے چناب میں خانکی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔

ترجمان کے مطابق کالا باغ پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 2 لاکھ 69 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 62 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح خانکی کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 1 لاکھ 13 ہزار کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 6 ہزار کیوسک رہا۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ 24 جولائی تک پنجاب کے دریاؤں میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا امکان ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کے رودکوہیوں میں فلیش فلڈ اور لاہور، بہاولنگر اور راولپنڈی ڈویژن میں اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔

این ڈی ایم اے کی رپورٹ

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں سے متعلق مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 16 زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 26 جون سے اب تک ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث 57 افراد جاں بحق جبکہ 148 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

انتظامیہ کی شہریوں سے اپیل

پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں، برساتی نالوں اور دریا کے کناروں سے دور رہیں، جبکہ موسمی صورتحال اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button