اسلام آباد ( ویب ڈیسک ) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری بڑھانے کے متعدد معاہدے طے پا گئے، معاہدوں پر دستخط سعودی، پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے اجلاس میں کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق ایس آئی ایف سی اور جوائنٹ بزنس کونسل کی میزبانی میں پاک سعودیہ بزنس کونسل کا اجلاس ہوا، سابق نگراں وزیر گوہر اعجاز، چیئرمین پاک سعودی جوائنٹ بزنس کونسل فواد مختار نے اجلاس کی صدارت کی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان پورٹس اور موٹر ویز کی تعمیر و ترقی کے معاہدے ہوگئے۔ حکومتی ذرائع نے بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ کراچی حیدر آباد موٹروے کی تعمیر کا معاہدہ طے پا گیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ رئیل اسٹیٹ اور معدنیات کی ترقی کے معاہدے پر بھی دستخط ہوگئے۔
سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمدالسعود نے معاہدوں پر دستخط کیے۔ ذرائع کے مطابق سعودی وفد کی قیادت چیئرمین پاک سعودی بزنس کونسل شہزادہ منصوربن السعود نے کی، وفاقی وزرا مصدق ملک، علی پرویز ملک اور مشیر نجکاری محمد علی نے اجلاس میں شرکت کی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں پربریفنگ دی گئی، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بزنس ٹو بزنس میٹنگز کی گئیں، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان حکومتی سطح پربھی میٹنگز ہوئیں۔
ذرائع نے بتایاکہ سعودی سرمایہ کاروں کو پاور سیکٹر سمیت دیگر منصوبوں میں شرکت کی دعوت دی گئی، سعودی سرمایہ کاروں کو ٹرانسمیشن لائنز اور سمارٹ میٹرنگ کے شعبوں میں بریفنگ دی گئی، پٹرولیم، معدنی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی بریفنگ دی گئی۔ ذرائع نے بتایاکہ ڈائریکٹر جنرل ایس آئی ایف سی میجر جنرل اسدالرحمٰان نے سعودی سرمایہ کاروں کا شکریہ ادا کیا۔



