پی ایس ایل،2نئی ٹیموں کی نیلامی،جاز،شوگرملزسمیت10اہم کمپنیوں میں مقابلہ
لاہور:(سلمان حسین)ایچ بی ایل پی ایس ایل میں توسیع کے سلسلے میں دو نئی ٹیموں کی نیلامی کل بروزجمعرات 8جنوری2026کو اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ نیلامی جناح کنونشن سینٹر میں ہوگی جس کا باقاعدہ آغاز شام 4 بج کر 15 منٹ پر کیا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار لیگ میں دو نئی فرنچائزز شامل کی جا رہی ہیں جس کے بعد پی ایس ایل سیزن 11 میں ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھ کر 8 ہو جائے گی۔
نیلامی کا عمل براہِ راست پی سی بی اور پی ایس ایل کے آفیشل یوٹیوب چینلز، ٹیپ میڈ، تماشا اور پی سی بی لائیو (یوکے) پر دکھایا جائے گا جبکہ اے اسپورٹس، جیو اسپورٹس، فاسٹ اسپورٹس اور پی ٹی وی اسپورٹس بھی نیلامی کو براہِ راست نشر کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نئی ٹیموں کے حصول کے لیے 10 معروف کمپنیوں کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔ نیلامی میں ایم نیکسٹ، ڈہرکی شوگر ملز، ایف کے ایس، پرزم ڈیولپرز، انوریکس سولر، جاز، آئی ٹو سی (i2c)، ولی ٹیکنالوجیز، ویگو ٹیل اور اوزی ڈویلپرز حصہ لیں گے۔



