پاکستانتازہ ترینجرم-وسزا

قصور ڈانس پارٹی: ایس ایچ او ، 2 کانسٹیبل قصور وار قرار

ڈی پی او کے پی ایس اونے پارٹی کرائی:وکیل ایس ایچ او،پولیس زیر حراست ملزموں کے خود انٹرویو کرواتی ہے :کورٹ رپورٹر،آئندہ ایسا ہوا تو متعلقہ ایس پی ذمہ دار ہوگا:ہائیکورٹ

لاہور(بیوروچیف /سید ظہیر نقوی)قصور ڈانس پارٹی کیس میں ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ نے تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کردی جس کے مطابق ایس ایچ او اور 2 کانسٹیبل قصور وار پائے گئے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے قصور میں مبینہ ڈانس پارٹی کے ملزمان کی ویڈیو بنانے اور وائرل کرنے پرپولیس افسران پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔

ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ نے تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ رپورٹ کے مطابق ایس ایچ او اور دو کانسٹیبل اس سارے معاملے میں قصوروار پائے گئے۔

جسٹس علی ضیا باجوہ نے ریمارکس دیے کہ اگر پولیس کو اپنی مثبت امیجنگ کرنی ہے تو پھر کسی کو گنجا کرنا اور خواتین کی ویڈیو بنانا درست نہیں، اگر کوئی شخص دو سال بعد عدالت سے بری ہو جائے تو اس کے میڈیا ٹرائل کا کیا بنے گا؟

دوران سماعت عدالتی استفسار پر کورٹ رپورٹر محمد اشفاق نے عدالت کو بتایا کہ مین اسٹریم میڈیا زیر حراست ملزمان کے انٹرویو نہیں کرتا، پولیس خود انٹرویو کرواتی ہے جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر آئندہ آپ کے کسی پولیس افسر نے زیر حراست ملزمان کا انٹرویو کیا تو متعلقہ ایس پی ذمہ دار ہوگا۔

متعلقہ ایس ایچ او کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ قصور ڈانس پارٹی ڈی پی او کا پرسنل اسٹاف افسر کروا رہا تھا، ہمارے پاس اس حوالے سے ایک کال بھی موجود ہے۔ عدالت نے پولیس سے سوشل میڈیا پالیسی طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 25 اپریل تک ملتوی کردی۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button