انٹر نیشنلتازہ ترینجرم-وسزا

غزہ :جبراً نقل مکانی کرتے فلسطینیوں پر بمباری، 95افراد شہید،440زخمی

غزہ دوزخ سے بھی بدتر جگہ بن چکا :ریڈ کراس،امدادی مراکز کے ارد گرد حملے جنگی جرم ہے: اقوام متحدہ،مظاہرین کا لندن میں اسرائیل کے خلاف احتجاج،پارلیمنٹ کا علامتی گھیراؤ

غزہ :(ویب ڈیسک ) اسرائیل نے غزہ میں جانیں بچانے کیلئے نقل مکانی کرنے والے اور امدادی سنٹر کے باہر جمع لوگوں پر تباہ کن بمباری کی جس کے نتیجے میں 97فلسطینی شہید اور 440زخمی ہو گئے۔ صیہونی طیاروں نے خیمہ بستیوں میں مقیم بے گھر افراد پر بھی بم برسائے۔

اسرائیلی فضائیہ نے حماس کے نئے کمانڈر عزالدین الحدید کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، واضح رہے کہ الحدیدکوحماس کی اعلیٰ کمان کی آخری سینئر شخصیت سمجھا جاتا ہے۔بین الاقوامی امدادی تنظیم ریڈ کراس کی سربراہ مرجانا سپلولجیرک نے کہا ہے کہ غزہ اس وقت کرہ ارض پر دوزخ سے بھی بدتر جگہ بن چکی ہے۔

ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ انسانیت ہار رہی ہے، فلسطینیوں کو مصائب سے نکالنے، اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے خاتمے کیلئے دیگر ممالک کچھ خاص نہیں کر رہے ہیں۔مرجانا سپلولجیرک کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں سے انسانی وقار چھینا جا رہا ہے، جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے اس نے تو تمام قانونی، اخلاقی اور انسانی قدروں کو پامال کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا ہے کہ غزہ میں امداد کی تقسیم کے مقامات کے ارد گرد شہریوں پر ہونے والے مہلک حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آتے ہیں، تھوڑی سی خوراک حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے شہریوں پر مہلک حملے ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے ہر حملے کی فوری اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔علاوہ ازیں برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے کہا ہے کہ اسرائیل کے غزہ پر حالیہ حملے خوفناک اور ناقابل برداشت ہیں۔ پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیئر سٹامر نے کہا کہ ہم فوجی آپریشن میں توسیع اور انسانی امداد روکنے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔

ہم اتحادیوں کے ساتھ مل کر اسرائیل پر پابندیوں سمیت دیگر اقدامات پر غور کریں گے۔مزید برآں فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی مظالم کے خلاف لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کیا گیا، سرخ لباس پہنے مظاہرین نے پارلیمنٹ کا علامتی گھیراؤ کیا، مظاہرین نے اسرائیل کو اسلحہ کی فروخت بند کرنے اور بین الاقوامی برادری سے فلسطینیوں پر مظالم بند کرانے کا مطالبہ کیا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button