لاہور(بیورو چیف) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری سے امریکہ کے قونصل جنرل برائے لاہور سٹیٹسن سینڈرز نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ثقافتی تعاون، فنون کے فروغ اور پنجاب میں جاری ترقیاتی و فلاحی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی اور امریکی قونصلیٹ کی پولیٹیکل و اکنامک ایڈوائزر صدف سعد بھی موجود تھیں۔
پنجاب حکومت کے ثقافتی اقدامات کو سراہا گیا
امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے عوامی فلاح، ثقافت اور فنون کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب فلم سٹی کے قیام اور تھیٹر کی بحالی کے لیے حکومت پنجاب کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
انہوں نے ثقافتی شعبے میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
لاہور میں مشترکہ ثقافتی سرگرمیوں پر گفتگو
ملاقات کے دوران لاہور میں امریکی فنکاروں اور الحمرا آرٹس کونسل کے درمیان مشترکہ ثقافتی شراکت داری قائم کرنے اور مختلف فنونِ لطیفہ سے متعلق پروگراموں اور تقریبات کے انعقاد کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عوامی فلاحی منصوبوں پر بریفنگ
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے امریکی قونصل جنرل کو وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے شروع کیے گئے عوامی فلاحی منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ خواتین، طلبہ اور کسانوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متعدد تاریخی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ "اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت صوبے بھر میں ایک لاکھ 70 ہزار گھروں کی تعمیر کا عمل جاری ہے، جس سے ہزاروں خاندانوں کو اپنی ذاتی رہائش کا خواب پورا کرنے میں مدد ملے گی۔
ثقافت اور تخلیقی شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
ملاقات میں وزارت اطلاعات و ثقافت پنجاب اور امریکی قونصلیٹ لاہور کے درمیان ثقافت، فنون اور تخلیقی سرگرمیوں کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے اختتام پر عظمیٰ بخاری نے امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز کو یادگاری سووینئر بھی پیش کیا۔



