ایف آئی اے کی لاہور،تفتان ،گجرات سرکل میں کارروائیاں،اہلکاروں سمیت 11ملزم گرفتار
تفتا ن سے گرفتار عمید کا افغانستان سے تعلق، گل احمد، عبدالرحیم اور برہان خان بھی پکڑے گئے، لاہور میں شاہ عالم مارکیٹ سے محمد عمر،گجرات سے محمد شریف، کلیم اللہ، راجا زبیر، راجا عامر، علی احمد، ندیم عباس اور حماد علی گرفتار
لاہور:(بیوروچیف)ایف آئی اے نے لاہور،تفتان ،گجرات سرکل میں کارروائیاں کرتےہوئے اہلکاروں سمیت 11ملزم گرفتارکرلئے۔
ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل تفتان نے کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی بارڈر کراسنگ میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں عمید، گل احمد، عبدالرحیم اور برہان خان شامل ہیں، گرفتار ملزم عمید نے غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کی، ملزم عمید کا تعلق افغانستان سے ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کو غیر قانونی طور پر تفتان بارڈر پار کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا، ملزم کی نشاندہی پر انسانی اسمگلر گل احمد اور عبدالرحیم کو گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم برہان خان کے پاسپورٹ پر امیگریشن کی جعلی اسٹیمپ لگی ہوئی تھی۔
ملزم برہان خان اس سے قبل ترکیہ سے ڈی پورٹ بھی ہوچکا ہے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا اغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے پاسپورٹ ایجنٹ مافیا اور بدعنوانی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گجرات نے پاسپورٹ آفس منڈی بہاالدین میں چھاپہ مار کارروائی کی، گرفتار ملزمان میں پاسپورٹ آفس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
گرفتار ملزمان میں محمد شریف، کلیم اللہ، راجا زبیر، راجا عامر، علی احمد، ندیم عباس اور حماد علی شامل ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان شہریوں سے جلد پاسپورٹ دلوانے کا جھانسہ دے کر بھاری رقم بٹورنے میں ملوث پائے گئے، چھاپہ مار کارروائی میں ملزمان کے قبضے سے بینک چالان، ٹوکن کی فوٹو کاپیاں، برتھ سرٹیفکیٹ برآمد کیے گئے۔
ملزمان سے (ب) فارم، نادرا فیملی ٹری سرٹیفکیٹس، موبائل فونز اور 2 لاکھ روپے سے زائد برآمد کیے گئے، ملزمان کو گرفتار کر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

ایف آئی اے لاہور زون نے حوالہ ہنڈی میں ملوث ملزم لاکھوں کی کرنسی سمیت رنگےہاتھوں گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار راجہ کی ہدایت پر حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ملزم محمد عمر کو شاہ عالم مارکیٹ لاہور سے گرفتار کیا گیا، ملزم کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث پایا گیا اور اس سے 59 لاکھ 50 ہزار پاکستانی روپے برآمد ہوئے ۔
ملزم کے قبضے سے حوالہ ہنڈی کی رسیدیں اور دیگر ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے گئے۔ ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔



