نئی دہلی(ویب ڈیسک )بھارتی کرکٹ ٹیم وزارت خارجہ کی جانب سے پاکستان سفر کی اجازت نہ ملنے پر ٹی 20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ سے دستبردار ہوگئی۔انڈیا ٹوڈے کے مطابق بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو وزارت کھیل سے نو آبجیکشن سرٹیفیکیٹ ( این او سی) مل گیا تھا تاہم اسے حکومتی منظوری کا انتظار تھا۔بھارتی بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن ( آئی بی سی اے) کے صدر شیلنڈرا یادو نے تصدیق کی ہے کہ وزارت خارجہ نے سرحد پار سفر کرنے سے روک دیا ہے اور انہیں رواں ہفتے 23 نومبر سے 3 دسمبر تک پاکستان میں ہونے والے ٹورنامنٹ سے دستبردار ہونے کی ہدایت کی ہے۔شیلنڈرا یادو نے مزید بتایا کہ انہیں باضابطہ تحریری طور پر حکومتی انکار موصول نہیں ہوا ہے اور صرف زبانی طور پر پاکستان سفر نہ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ’ ہم پاکستان روانگی کے لیے 25 روز سے حکومتی اجازت کا انتظار کررہے تھے، اب ہم مزید انتظار نہیں کرسکتے کیوں کہ ٹورنامنٹ بس شروع ہوا چاہتا ہے، جب میں نے وزارت خارجہ سے فون پر بات کی تھی تو انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان جانے کی اجازت نہیں اور وہ ہمارا ٹورنامنٹ منسوخ کرسکتے ہیں، انہوں نے ہمیں انکار کا باضابطہ خط بھیجنے کا بھی کہا تھا’۔انہوں نے کہاکہ ’ وزارت خارجہ سے ہونے والی بات چیت کے حوالے سے ہمیں تاحال کوئی باضابطہ خط موصول نہیں ہوا ہے، ہم پاکستان نہ جانے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور ہم بلائنڈ ٹی 20 ورلڈکپ میں حصہ نہیں لیں گے’۔
شیلنڈرا یادو نے دعویٰ کیا کہ انڈیا کے علاوہ انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیں گی، انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کھلاڑیوں کی تمام محنت ضائع ہوجائے گی۔انہوں نے کہاکہ یہ کرکٹ کیلیے افسوسناک ہے کیونکہ کرکٹ ہر ایک کا کھیل ہے،پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ شائقین بغور دیکھتے ہیں اور دونوں ہی اچھی ٹیمیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ ’اب پاکستان کو مفت واک اوور مل جائے گا، یہ طویل عرصے سے محنت کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے افسوسناک ہے، بھارتی ٹیم کو کل 20 نومبر کو روانہ ہونا تھااور میرا نہیں خیال کہ اتنے قلیل وقت میں کوئی معجزہ رونما ہوسکتا ہے، لہٰذا ہم طے کرچکے ہیں کہ ہم لاہور میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ میں حصہ نہیں لیں گے‘۔



