بھارت کرکٹ کا نیا چیمپئن،کیویز کو شکست
دبئی،(حافظ زاہد علی)آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کیویز کو ہرا کر کرکٹ کا نیا چیپمئن بن گیا۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 252 رنز کا ہدف دیا جس کو بھارتی ٹیم نے 6وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا251 کے جواب میں بھارتی اوپنرز نے ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا روہت شرما نے 76رنز بنائے پانڈیا 18رنز بنا کر آئوٹ ہوئے،کوہلی صرف ایک رن بنا سکے

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر تیسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا، بھارت نے 12 سال بعد چیمپئنز ٹرافی اپنے نام کی۔
پانچویں بار چیمپئنز ٹرافی کا فائنل کھیلنے والی بھارتی ٹیم نے 2002 میں سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر اور 2013 میں چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں 76 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے پر روہت شرما کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ نیوزی لینڈ کے رچن رویندرا کو 4 میچوں میں 263 رنز بنانے اور 3 وکٹیں حاصل کرنے پر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی
لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ڈیرل مچل 63 اور مائیکل بریس ویل کے 53 رنز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ بیٹنگ
ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کیوی اوپنرز نے ٹیم کو 57 رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد اوپنر ول ینگ 23 گیندوں پر 15 رنز بنانے کے بعد ورون چکرورتی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

69 کے مجموعی اسکور پر رچن روندرا 29 گیندوں پر 37 رنز بنانے کے بعد کلدیپ یادو کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جب کہ 75 کے مجموعی اسکور پر کین ولیمسن صرف 11 رنز بنانے کے بعد کلدیپ یادو کو انہی کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ بھارتی اسپنر روریندرا جدیجا کے حصے میں آئی جنہوں نے 108 کے مجموعی اسکور پر ٹام لیتھم کو ایل بی ڈبلیو کردیا انہوں نے 30 گیندوں پر 14 رنز بنائے۔
165 کے مجموعی اسکور پر گلین فلپس 52 گیندوں پر 34 رنز بنانے کے بعد ورون چکرورتی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جب کہ ڈیرل مچل کی ہمت 63 رنز پر جواب دے گئی، مچل سینٹنر 8 رنز ہی بناسکے۔

کیوی آل راؤنڈر مائیکل بریس ویل نے آخری لمحات میں کچھ ہمت دکھائی اور جارحانہ اسٹروکس کھیلے، وہ 40 گیندوں پر 53 ر نز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، وہ 2 چھکے اور 3 چوکے لگانے میں کامیاب رہے۔
بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی اور کلدیپ یادو نے 2،2 جب کہ محمد شامی اور رویندرا جدیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں، ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیوی کپتان مچل سینٹنر نے کہاکہ آج ایک اچھا چیلنج ہوگا، ہم میچ جیتنے کی کوشش کریں گے جب کہ توقعات کے مطابق میدان میں بھارتی شائقین کی بڑی تعداد موجود ہے۔
مچل سینٹنر نے بتایا کہ میٹ ہینری انجری کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں، ان کی جگہ نیتھن اسمتھ کھیل رہے ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ مجھے بعد میں بیٹنگ کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ، یہ ایک اچھی پچ ہے، اس میں بہت زیادہ تبدیلی نہیں آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو چیز اہم ہے وہ یہ ہے کہ آپ کتنا اچھا کھیلنا چاہتے ہیں، ہم ٹاس کے بارے میں فکر مند نہیں ہونا چاہتے، ہم نے اچھی کرکٹ کھیلی ہے جب کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی 
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون
نیوزی لینڈ کی ٹیم ول ینگ، رچن رویندرا، کین ولیمسن، ڈیرل مچل، ٹام لیتھم، گلین فلپس، مائیکل بریس ویل، کپتان مچل سینٹنر، کائل جیمیسن، نیتھن اسمتھ اور ول اورورکی پر مشتمل تھی۔
بھارتی پلیئنگ الیون
بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شبمن گل، ویرات کوہلی، شیریاس ائیر، اکشر پٹیل، کے ایل راہل، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، کلدیپ یادو، محمد شامی اور ورون چکرورتی شامل تھے۔



