لاہور:(بیوروچیف)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کی نومئی کے چھ مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ریکارڈ موجود نہ ہونے کی بنا پر 10جون تک ملتوی کردی گئی۔انسداد دہشتگردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے درخواستوں پر سماعت کی۔
پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ مقدمات کا ریکارڈ بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کیلئے اڈیالہ جیل بھجوا رکھا ہے،شاہ محمود قریشی کے وکیل نے دلائل دئیے کہ پراسیکیوشن جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کر رہی ہے۔
جیل ٹرائلز کے لئے ریکارڈ پیش کردیاجاتا ہے جس دن ضمانتیں لگی ہوتی ہیں اس دن ریکارڈ پیش نہیں کیا جاتا،شاہ محمود دوسال سے جیل میں ہیں،پراسیکیوشن ضمانتوں کا فیصلہ نہیں ہونے دے رہی۔عدالت نے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 10جون تک ملتوی کردی۔



