صیہونی جارحیت جاری، ایک ہی دن میں 67فلسطینی شہید: غزہ میں اسرائیلی فوج کو شدید مزاحمت کا سامنا، 12فوجی ہلاک
امداد کے منتظر3شہریوں کو براہِ راست گولیاں ماری گئیں، جھڑپوں میں ناکامی کے بعد اسرائیلی حملہ آور فورسز زیتون کے علاقے سے پسپا
غزہ ( ویب ڈیسک) غزہ ایک بار پھر اسرائیلی فوج کے خونریز حملوں کا نشانہ بن گیا۔ مختلف علاقوں میں ہونے والی بمباری اور فائرنگ میں کم از کم 67فلسطینیوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
فلسطینی طبی کارکنوں نے بتایا کہ وسطی غزہ میں امداد کے منتظر تین شہریوں کو اسرائیلی فوج نے براہِ راست گولیاں مار کر شہید کیا۔ دوسری طرف ایرانی میڈیا کے مطابق غزہ پر حملہ آور اسرائیلی افواج کو فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔ غزہ کے قصبے زیتون میں اسرائیلی فورسز پر مزاحمت کاروں کے پے در پے حملوں میں 12اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 4لاپتہ ہوگئے۔
جھڑپوں کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ لاپتہ اسرائیلی فوجیوں کے حوالے سے تاحال کوئی اطلاعات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ ان جھڑپوں میں ناکامی کے بعد اسرائیلی حملہ آور فورسز زیتون کے علاقے سے پسپا ہوگئی ہیں۔ جھڑپوں کے دوران اسرائیلی افواج نے گن شپ ہیلی کاپٹر اور توپ خانے بھی استعمال کیے تھے۔



