عراق:کلورین گیس کا اخراج،600زائرین کی حالت غیر
بغداد:(ویب ڈیسک)عراق میں واٹر ٹریٹمنٹ اسٹیشن سے کلورین گیس کے اخراج کے باعث سانس لینے میں تکلیف پر 600 سے زائد زائرین کی حالت غیر ہوگئی جنہیں مختصر وقت کے لیے ہسپتال منتقل کرنا پڑا، عراقی حکام کے مطابق یہ واقعہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب وسطی اور جنوبی عراق میں نجف اور کربلا کے درمیانی راستے پر پیش آیا۔
عراق کی وزارت صحت نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ ’کلورین گیس کے اخراج کے بعد دم گھٹنے کے 621 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں‘۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ’تمام مریضوں کو ضروری طبی امداد فراہم کر دی گئی اور وہ صحت یاب ہو کر ہسپتال سے جا چکے ہیں‘۔
زائرین کی حفاظت پر مامور سکیورٹی فورسز نے بتایا کہ یہ واقعہ کربلا-نجف روڈ پر واقع ایک واٹر اسٹیشن سے کلورین کے اخراج کے باعث پیش آیا۔
عراق کا زیادہ تر بنیادی ڈھانچہ عشروں کے تنازعات اور بدعنوانی کے باعث خستہ حال ہے اور حفاظتی معیار کی پابندی اکثر کمزور رہتی ہے, جولائی میں مشرقی شہر کوت کے ایک شاپنگ مال میں بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ میں 60 سے زائد افراد جاں بحق ہو گئے تھے، جن میں سے اکثر کی موت بیت الخلا میں دم گھٹنے سے ہوئی تھی۔



