انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

غزہ: اسرائیلی حملے، 5 صحافیوں سمیت 55 فلسطینی شہید

اسرائیل کا یمنی ایئرپورٹ، بندرگاہ پر بھی حملہ، سربراہ ڈبلیو ایچ او بال بال بچ گئے

غزہ ( ویب ڈیسک) غزہ میں جمعرات کو اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں پانچ صحافیوں سمیت کم از کم 20افراد شہید اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ 24گھنٹے میں 55سے زیادہ فلسطینی شہید کر دیئے گئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ا دارے کے مطابق غزہ میں محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ زیتون کے علاقے میں ایک گھر پر فضائی حملے میں پانچ افراد شہید اور 20زخمی ہوئے۔ انہوں نے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے کیونکہ بہت سے افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فضائی حملے کے بعد 30افراد لاپتہ ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ایک اور واقعے میں پانچ صحافی اس وقت شہید ہو گئے جب ان کی گاڑی کو وسطی غزہ کے علاقے نصیرات میں العودہ ہسپتال کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ مذکورہ صحافی القدس الیووم ٹیلی ویژن چینل کیلئے کام کرتے تھے۔ فلسطینی میڈیا اور مقامی نامہ نگاروں کے مطابق اس گاڑی کو صحافی ہسپتال اور نصیرات کیمپ میں رپورٹنگ کیلئے استعمال کرتے تھے۔ رپورٹ کے مطابق حملے کے بعد براڈ کاسٹنگ وین میں آگ بھڑک اٹھی اور وہ مکمل تباہ ہوگئی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر دیکھی جا سکتی ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے صحافیوں پر ہونیوالے حملے کی ذمہ داری کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دہشتگردوں کے سیل کو نشانہ بنایا۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جس براڈ کاسٹنگ وین پر حملہ کیا اس پر واضح طور پر پریس کے الفاظ درج تھے۔ صحافیوں کے حقوق کیلئے کام کرنیوالی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے مطابق گزشتہ سال 7اکتوبر سے غزہ، مغربی کنارے، اسرائیل اور لبنان میں کم از کم 141صحافی اور میڈیا ورکرز قتل ہوچکے اور ان میں سے 133غزہ کے فلسطینی تھے۔ دوسری جانب غزہ میں پناہ گزین کیمپ میں 3کمسن بچے اور ڈاکٹر شدید سردی سے ٹھٹھر کر جاں بحق ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی ناکہ بندی کے باعث جنوبی غزہ کے علاقے میں واقع پناہ گزین کیمپ میں کھانے پینے کی اشیا اور دواں کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔
ادھر اسرائیلی فوج نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں قائم بین الاقوامی ایئرپورٹ اور حدیدہ بندرگاہ پر فضائی حملہ کیا ہے۔اسرائیلی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کے حملے میں صنعا ایئرپورٹ کے رن وے، کنٹرول ٹاور اور ایئر کرافٹ کو نشانہ بنایا گیا جبکہ حدیدہ بندرگاہ پر فوجی اڈوں اور پاور پلانٹ پر راکٹ داغے گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق حوثی لیڈر کی تقریر کے دران اسرائیلی فوج کی جانب سے بمباری کی گئی۔ اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اُس نے حملوں میں حوثی باغیوں کے زیر استعمال جنگی و سویلین طیارے تباہ کر دئیے ہیں۔ اُدھر ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے بتایا کہ اسرائیل کے فضائی حملے کے دوران وہ صنعا ایئرپورٹ پر تھے اور روانگی سے کچھ دیر قبل ہوائی اڈے پر بمباری کی گئی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اسرائیلی حملے میں ائیر پورٹ کا رن وے، ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور اور ڈیپارچر لائونج تباہ ہوگئے۔ ٹیڈروس ایڈہانوم نے بتایا کہ وہ روانگی والے لائونج میں بیٹھے تھے کہ اس دوران جہازوں کی گھن گرج اور دھماکوں کی آوازیں آئیں جس کے بعد افراتفری مچ گئی، تاہم وہ محفوظ رہے جبکہ ہوائی اڈے پر دو لوگ حملے میں ہلاک ہوئے ہیں۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button