فائرنگ کے مختلف واقعات ، بھائی کےہاتھوں بہن سمیت 12افراد قتل
کراچی میں ہوٹل پر فائرنگ سے 2افراد قتل،پنجگور میں فائرنگ سے حوالدار ،بیٹا جاں بحق،سرگودھا،نوشکی ،کراچی،ڈیرہ اسماعیل خان،فیصل آباد،کوئٹہ ،پھولنگر میں بھی ہلاکتیں
کراچی،صوابی (نمائندگان سی این این اردو )سرگودھا کے قصبہ پھلروان میں بازار میں سبزی فروشوں کے درمیان جھگڑے میں تلخ کلامی پر نوجوان نے فائرنگ کر کے اپنے 21 سالہ کزن کو قتل کر دیا۔ پولیس نے لاش پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کر کے چھان بین شروع کر دی ہے۔
نوشکی میں بس اڈا ایریا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت یونس ولد محمد یوسف کے نام سے ہوئی ہے۔ لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی۔
کراچی کے علاقے گلشن مزدور میں چائے کے ہوٹل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔عینی شاہد اور ہوٹل کے مالک کے مطابق واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران پیش آیا ، تاہم پولیس کا دعویٰ ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔مقتولین کی شناخت 30 سالہ حبیب اﷲ ولد سعید اﷲ اور 28 سالہ وہاب بروہی ولد علی محمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ کورائی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے سید رسول وزیر نامی شہری کو قتل کر دیا ،مقتول کے بھائی نے بتایا کہ حملہ آور اس کے بھائی کی موٹرسائیکل ساتھ لے گئے۔کلاچی درابن روڈ پر نامعلوم افراد نے 35سالہ امیر نواز عرف پپی ولد رمضان بلوچ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
فیصل آبادکے چک 564گ ب میں کھانے میں تاخیر پر بھائی نے فائرنگ کر کے بڑی بہن کو قتل کر دیا، پولیس نے ملزم ارباز خان کو گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دی۔ادھر چک نمبر 494 گ ب ماموں کانجن،تاندلیانوالہ میں زمین کے تنازع پر مخالفین نے کھیتوں میں کام کرتے ہوئے تین افراد پر حملہ کر دیا، ملزموں نے محمد امین ولد احمد عمر کو قتل کر دیا جبکہ محمد ارشد ولد احمد عمر کی دونوں ٹانگیں کلہاڑی سے کاٹ دیں جبکہ نور احمد ولد نواب عمر کی ٹانگ اور بازو میں گولیاں لگیں۔ لورالائی کے خان صدیق محلہ میں پستول صاف کرتے ہوئے گولی چلنے سے بہن جاں بحق جبکہ بھائی زخمی ہوگیا۔ پولیس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔پھولنگر میں دریائے راوی سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی، پولیس کے مطابق متوفیہ کی عمر 40سال کے لگ بھگ ہے اور اس کی شناخت نہیں ہو سکی۔پنجگور چتکان تارآفس میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے لیویز حوالدار اصغر ولد سلطان محمد اور اس کے بیٹے حسن جان کو قتل کردیا اور فرار ہو گئے۔ پولیس نے قتل کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔صوابی کے علاقے چھوٹا لاہور میں ناراض بیوی ،بچوں کو منانے خالہ زاد کے گھر آئے باپ کو بیٹے نے طیش میں آکر فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔مقتول کی شناخت 53 سالہ سردار محمد کے نام سے ہوئی ہے جس نے زخمی حالت میں پولیس کو بیان بھی ریکارڈ کرایا تھا۔ پولیس نے ملزم بیٹے ذکریا کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔



