لاہور(بیوروچیف سے) لاہور میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں کو لوٹنے کی وارداتیں بھی بڑھنے لگیں۔ ریٹائرڈ ایڈیشنل کمشنر بھی پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں لٹ گیا، مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
پنجاب سوسائٹی کا رہائشی ریٹائرڈ ایڈیشنل کمشنر بھی پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں لٹ گیا ۔ متاثرہ شہری احمد کمال کی درخواست پر سبزہ زار پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ۔
مقدمے میں اغواء، بھتہ خوری اور پولیس آرڈر 2002ء کی دفعات شامل کی گئیں ۔
مقدمے میں مدعی مقدمہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ موٹر سائیکل سوار 4 پولیس اہلکاروں نے 21 اور 22 دسمبر کی درمیانی شب ملتان روڈ پر منڈی سٹاپ کے قریب گاڑی روکی ۔
اہلکاروں نے تلاشی کے بہانے کار سوار شہری احمد کمال سے 27 ہزار اور کلثوم بی بی سے 40 ہزار روپے بٹورے ۔ ایک اہلکار گاڑی میں بیٹھ کر گن پوائنٹ پر ہراساں کرتا رہا ۔ ملزمان 67 ہزار لوٹنے کے بعد دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے ۔



