پاکستان نے جدید ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ لانچ کر دیا
لانچنگ چین سے ہوئی، زمینی مشاہدے کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہو گا
کراچی، اسلام آباد، شی چھانگ(ویب ڈیسک) پاکستان کا ہر میدان میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان کی جانب سے ریمو سینسنگ سیٹلائٹ لانچ کر دیا گیا۔
پاکستانی سیٹلائٹ کی لانچنگ چین کے ژچانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے ہوئی، سیٹلائٹ پروگرام سے پاکستان کے زمینی مشاہدے کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہو گا، فصلوں کی پیداوار، انفراسٹرکچر اور آبادی کی نگرانی ممکن ہوسکے گی۔ سیٹلائٹ سیلاب، زلزلے کی بھی نگرانی کرے گا۔
گلیشیئرز اور جنگلات کی نگرانی سے آفات سے بچنے کے اقدامات ممکن ہوسکیں گے، سیٹلائٹ سی پیک اور قومی منصوبوں کو جغرافیائی ڈیٹا سے معاونت فراہم کرے گا۔
ترجمان سپارکو کے مطابق سیٹلائٹ ماحولیات اور وسائل کے بہتر انتظام میں بھی مدد گار ثابت ہوگا، منصوبہ قومی خلائی پالیسی اور ویژن 2047کے مطابق ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن ( سپارکو) اور تمام متعلقہ ٹیموں کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ کامیابی پاک، چین تعاون کی بلندیوں کی عکاسی کرتی ہے جو سرحدوں سے نکل کر خلاوں تک جا پہنچی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ سیٹلائٹ چین، پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک)، زراعت، شہری منصوبہ بندی، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ماحولیاتی تحفظ سمیت متعدد شعبوں میں اہم کردار ادا کرے گا۔ شہباز شریف نے اس عظیم مشترکہ وژن پر زور دیا کہ انسانیت کی فلاح کے لیے سپیس ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستان اور چین کا مشترکہ مقصد ہے۔
انہوں نے پاکستان کے سپیس پروگرام کی ترقی میں تعاون پر چینی شراکت داروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سیٹلائٹ پاکستان کی ترقی اور پائیدار مستقبل کے لیے ایک اہم قدم ہے۔مزید برآں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی ریموٹ سینسنگ سیٹلائٹ کی کامیاب لانچ پر پاکستانی سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔ جمعرات کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اپنے سائنسدانوں کی صلاحیتوں پر فخر ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہم سیٹلائٹ کی کامیاب لانچ میں تعاون پر چین کی حکومت کے شکر گزار ہیں۔



