پٹرول موٹر بائیک الیکٹرک میں تبدیل کرائیں ایک لاکھ روپے انعام پائیں:مریم اورنگزیب
لاہوری اب 1399 پر کال کر کے گھر بیٹھے پی ایچ اے کا پود منگوا سکتے ہیں،سینئر وزیر
لاہور:( جنرل رپورٹر)سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ماحولیاتی بہتری اور سموگ کے خاتمے کے لیے انقلابی اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو شہری اپنی پیٹرول موٹر بائیک کو الیکٹرک میں تبدیل کریں گے انہیں حکومت کی جانب سے ایک لاکھ روپے کیش انعام دیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا شہر میں سموگ کے خاتمے کے لیے ایک مکمل ٹیکنالوجی بیسڈ فائر کنٹرول فورس بھی تشکیل دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں بینک آف پنجاب مکمل نگرانی کرے گا۔ شہری اگر گھروں اور دکانوں میں روایتی لائٹس کو ایل ای ڈی میں تبدیل کریں گے تو انہیں کاربن گرین کریڈٹ دیا جائے گا جو کہ بین الاقوامی سطح پر ماحولیاتی فائدہ تصور کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پلانٹ فور پاکستان کا ہدف 5 کروڑ درخت تھا جس کی میپنگ اور مانیٹرنگ جدید آسٹریلوی طرز کی ٹیکنالوجی سے کی جا رہی ہے اور رواں سال یہ سسٹم مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔مریم اورنگزیب نے شہریوں سے اپیل ہے کہ لاہور کو سرسبز بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں۔لاہور کے شہری اب 1399 پر کال کر کے گھر بیٹھے پی ایچ اے کا پود منگوا سکتے ہیں۔
لاہور کی رنگ روڈ کے ارد گرد 3 لاکھ نئے پودے لگائے جائیں گے جبکہ ایئر کوالٹی کی مانیٹرنگ کے لیے 7 جدید سسٹمز نصب کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر نہ صرف لاہور کو خوبصورت بنائیں بلکہ اسموگ کے خلاف حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں بھی کردار ادا کریں۔



