بلاگپاکستانتازہ ترینکالم

یوم تکبیر:ہم ایک ہیں

عظمیٰ بخاری:وزیر اطلاعات پنجاب

عظمیٰ بخاری:وزیر اطلاعات پنجاب:قوموں کی تاریخ میں ایسے لمحات آتے ہیں جب ریاست کے سربراہ کو فیصلہ کرنا پڑتا ہے وہ ملکی سلامتی اور خود مختاری کے لیے ڈٹ جائے اور پوری قوت سے دشمن کو جواب دے ۔ریاست کا جو سربراہ اپنے وطن کی خودمختاری اور تحفظ کے لئے ڈٹ جاتا ہے تاریخ میں وہ ہمیشہ کے لئے امر ہوجاتا ہے اور آنے والی نسلیں بھی اس لیڈر کو ہمیشہ یاد رکھتی اور انکے جراتمندانہ فیصلے پر فخر کرتی ہیں ۔

28مئی کا دن پاکستان کے لئے اقوام عالم میں سربلندہونے کا دن ہے ۔28مئی کے دن کو میاں نوازشریف نے یوم تکبیرکے نام سے ایک نئی پہچان دی۔یہ دن ہر پاکستانی فخر سے مناتا ہے ۔ اس دن نے پاکستان کو پوری دنیا میں ایک نئی پہچان دی۔ 28 مئی 1998 کے ایٹمی دھماکوں نے پاکستان کو اسلامی دنیا کا واحد ایٹمی قوت ملک بنایا ۔اس کا کریڈٹ قائد میاں نواز شریف کو جاتا ہے ۔ 11 مئی 1998 کو بھارت نے ایٹمی دھماکے کر کے خطے میں اپنی اجارہ داری قائم کرنے کا خواب دیکھا لیکن میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان نے بھارت کے تمام عزائم چکنا چور کر دیے ۔

میاں نواز شریف نے امریکہ کی پانچ ارب ڈالر کی آفر عالمی قوتوں کا دباؤ اور پابندیوں پر ملکی خود مختاری اور سلامتی کو ترجیح دیتے ہوئے 28 مئی کو چاغی کے مقام پر بھارت کے پانچ ایٹمی دھماکوں کے جواب میں چھ ایٹمی دھماکے کر کے بھارت کی برتری بھی ختم کی اور اقوام عالم میں پاکستان کو ایک نئی پہچان ملی۔ 28 مئی کو پاکستان صرف ایٹمی قوت نہیں بنا تھا بلکہ پاکستان نے دنیا میں بلند مقام حاصل کیا ۔بھارت نے تکبر اور طاقت کے خمار میں ایٹمی دھماکے کیے تاکہ پاکستان کو سرنگوں کر سکے لیکن بھارت کا غرور میاں نواز شریف نے مٹی میں ملا دیا۔

میاں نواز شریف اور ان کی حکومت نے ایٹمی دھماکے کرنے اور پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بڑی قیمت بھی چکائی لیکن پاکستان کی عوام نے حکومت وقت کے ساتھ کھڑے ہو کر بھارت سمیت پوری دنیا کو پیغام دے دیا کہ ہم اپنی خود مختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔آج 27 سال بعد بھی پاکستان ہی اسلامی دنیا کا واحد ایٹمی قوت کا حامل ملک ہے ۔میاں نواز شریف کے اس جرات مندانہ اقدام پر قوم آج بھی ان کی معترف ہے کہ میاں نواز شریف نے عالمی دباؤ اور دھمکیوں پر ملکی سلامتی کو مقدم رکھا۔ 27 سال بعد اسی بھارت نے 7 مئی 2025 کو پاکستان میں دراندازی کی کوشش کی جس کا میاں نواز شریف کے بھائی وزیراعظم شہباز شریف نے پوری طاقت سے جواب دیا۔

ایک مرتبہ پھر پاکستان کے عوام اپنی حکومت اور افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوئے ۔عوام نے متحد ہونے اور یکجا ہونے سے حکومت مزید مضبوط اور مستحکم ہوئی تاکہ وہ ملکی سلامتی اور خود مختاری کے لیے بڑے فیصلے کر سکے ۔ 10 مئی کو پاکستان نے بھارت کو جو دھول چٹائی اور گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا اس کے ڈنکے آج بھی مشرق اور مغرب میں پورے زور و شور سے بج رہے ہیں ۔پاکستان کے جے ایف تھنڈر طیاروں،جے ٹین سی ،فتح میزائل اور شاہینوں کے چرچے عالمی میڈیا پر ہورہے ہیں ۔مغربی میڈیا اس جنگ میں بھارت کی ذلت آمیز شکست قرار دے رہا ہے جبکہ بھارت کا گودی میڈیا بھارتیوں کو بیوقوف بنانے کے لئے من گھڑت اور جھوٹے پروپیگنڈے کرتا رہا۔

بھارتی میڈیا کے فیک پروپیگنڈے کو مغربی میڈیا نے بری طرح ایکسپوز کیا۔پھر اسی گودی میڈیا کو اپنی فیک خبروں پر معافیاں بھی مانگنی پڑیں۔پاک بھارت جنگ میں عبرتناک شکست نے بھارتی وزیر اعظم مودی اور اسکے گودی میڈیا کا غرور بھی خاک میں ملا دیا ہے ۔بھارت کی جارحیت اور دراندازی کا پاکستان نے پوری قوت کے ساتھ جواب دیا۔ پاکستان کے جواب دینے کے بعد مودی آج تک اپنے رافل تیاروں کا ملبہ چھپاتے پھر رہے ہیں۔

پاکستان کے سائبر حملوں نے مودی حکومت اور بھارتی فوج کو حواس باختہ کردیا جسکے بعد بھارت سرینڈر کرنے پر مجبور ہوا۔ پاکستان پر اللہ تعالی کی خاص کرم نوازی ہے کہ کلمے کی بنیاد پر بنی ریاست کو اپنے سے کئی گنا بڑے ہاتھی جیسے دشمن پر عظیم فتح نصیب فرمائی۔ بھارت کے خلاف اس عظیم فتح نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کو اقوام عالم میں نمایاں کیا ہے ۔ دنیا کے تمام اسلامی ممالک کے عوام پاکستان زندہ باد اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے نعرے لگاتے نظر آرہے ہیں۔

پاکستان کی فضائیہ نے اس تاریخ ساز معرکہ حق میں تاریخی کارنامے سر انجام دیے ہیں جو آنے والی دہائیوں تک یاد رکھے جائیں۔پاکستانی قوم میں آج پھر 28مئی 1998والا اتحاد اور جذبہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔پوری قوم اور ملکی قیادت ارض پاک کے تحفظ اور دفاع کے لئے ایک ہے ۔ 28 مئی 1998 کو میاں نواز شریف نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا 10 مئی 2025 میں اسی نواز شریف کے بھائی وزیراعظم شہباز شریف نے روایتی دشمن پر پاکستان کو عظیم فتح دلوائی۔ جب آپ کا بھروسہ اور ایمان اللہ تعالی پر ہو تو اللہ تعالی بھی آپ کی مدد فرماتے ہیں ۔میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف اللہ کے فضل اور کرم سے پاکستان کے دفاع اور تحفظ کے لیے بڑے اور مشکل فیصلے کرنے کی قوت رکھتے ہیں۔

انہی مشکل اور بڑے فیصلوں کی وجہ سے آج پاکستان اقوام عالم میں نمایاں مقام رکھتا ہے اور تیزی سے مضبوط اور مستحکم ہو رہا ہے ۔پاکستان کے عوام کو یقین ہو گیا ہے کہ پاکستان مضبوط ہاتھوں میں ہے ۔پاکستان کے عوام کو ایسے ہی متحد رہنا ہوگا دشمن کی ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے اور اس کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہم سب ایک ہیں۔

 

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button