امریکہ کا ہماری سیاست میں کوئی کردار نہیں:پاکستانی سفیررضوان سعیدکا واضح پیغام
پاکستان میں صورتحال کی خرابی میں بیرونی ہاتھ ملوث،امریکہ میں بھی پولرائزیشن ہے:سی این این ڈاٹ کام سے گفتگو
لاہور:(سید ظہیر نقوی سے)امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ امریکہ بھی آزاد ہے اور پاکستان بھی آزاد ہے امریکہ کا پاکستان کی سیاست میں کوئی کردار نہیں۔
نمائندہ سی این این اردوڈاٹ کام کے سوال پاکستان میں سیاسی بدلائو معمول سے زیادہ ہے اس میں امریکہ کا کیا کردار ہے ؟
امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں الیکشن ہوا کسی نے پوچھا اس میں پاکستان کا کیا کردار ہے اور کیا ہوسکتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ میں بھی کوئی اتنا پرفیکٹ نظام نہیں انسان کا بنایا ہوا نظام ہے ،اس میں بھی کریکس ہیں ،پولرائزیشن ہے ،قطبیت ہے۔
پچھلے تین انتخابات سے وہاں بھی کچھ سوالات نظام کے اندر سے اٹھے ہیں کہ یہ کیا ہوا ہے ، کیسے ہوا ہے لیکن ہمارا اسے سے کوئی تعلق ہی نہیں ہے ،وہ ان کا داخلی معاملہ ہے بین الاقوامی تعلقات کا مسلمہ اصول ہے کہ داخلی معاملات میں کوئی ملک کسی دوسرے ملک میں دخل نہیں دے گا ۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم کسی ملک کے معاملہ میں دخل نہیں دیتے ہم بھی توقع رکھتے ہیں کہ کوئی دوسرابھی ہمارے معاملات میں دخل نہیں دے گا۔

نمائندہ سی این این ڈاٹ کام کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا جو آپ دوسری طرف اشارہ کررہے ہیں کہ ہمارے ہاں صورتحال اگرسیاسی طور پر کسی بے چینی کا شکار ہے تو اس میں ہمارے علاقہ کی صورتحال ایسی ہے کہ اس میں’’ خیرخواہوں ‘‘کی کمی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا جب ہمارے ہاں صورتحال خراب ہوتی ہے تو اس میں بیرونی ہاتھ ملوث ہو جاتا ہے جو نظر آتا ہے۔
انہوں نے کہا اسی لئے یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے طریقے سے اپنے جو علاقائی اور داخلی مختاری کا ،علاقائی خودمختاری کا ملکی سالمیت کا اپنے طریقے سے خطرات کو سمجھتے ہوئے کہ اس میں کون کون سے عناصر شامل ہو سکتے ہیں ہم خود فیصلہ کرتے ہیں اور ہمیں خود یہ فیصلہ کرنا ہے 77سال سے ہم ٹھیک کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کوشش کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بھی پنجاب یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے ،پنجاب یونیورسٹی کے حالات بہتر بنانے کے حوالے سے اور اس کی بہتری کیلئے بلینک چیک بھرنے کو بھی تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے پانچواں بڑا ملک ہے،امریکہ جلد 5ہزار نرسیں اور ٹیکنیکل سٹاف بھی منگوائے گا۔
دریں اثنا پاکستان کی خارجہ پالیسی اور پاک امریکہ تعلقات کے حوالے سے سیمینار سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر پنجاب یونیورسٹی آئی آرڈیپارٹمنٹ عبدالقیوم نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔



