لاہور(انٹرویو:سید ظہیرنقوی) جنا ح ہسپتال میں مفت گردہ کی پیوندکاری جیسے انقلابی اقدامات جاری ہیں۔ایم ایس جنا ح ہسپتال ڈاکٹر کاشف جہانگیر نے کہا ہے کہ گردہ کی پیوند کاری جیسی جدید ترین سہولت اب یورپ،امریکہ اور بھار ت کے ہسپتالوں کی طرح جناح ہسپتال میں بھی موجود ہے ۔
نمائندہ سی این این اردوڈاکٹ کام سید ظہیر نقوی کو خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ چند روز قبل بھی جناح ہسپتال میں گردہ کی مفت پیوندکاری کی گئی جو انتہائی کامیاب رہی مریضہ کو ہسپتال سے ڈسچار ج کیا جاچکا ہے ۔

انہوں نے طریقہ کار کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گردہ کی پیوندکاری کیلئے سب سے اہم گردہ کا میچنگ ہونا ہے جس کے ٹیسٹ کافی مہنگے ہوتے ہیں انہوں نے بتایا کہ گردہ کی پیوندکاری پر تقریبا 25لاکھ کا خرچہ آتا ہے جو وزیر اعلیٰ مریم نواز کے احکامات پر حکومت کی جانب سے جاری کئے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک گردہ سے بھی انسان زندہ رہ سکتا ہے ،پاکستان میں آپریشنز کی کامیابی،پروفیسرز اور ڈاکٹرز سمیت عملہ کی مہارت اور قابلیت کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہمارے ہاں انتہائی قابل سرجن موجود ہیں اس کی سب سے بڑی مثال چند دن قبل ایک خاتون مریضہ کی گردہ کی پیوند کار ی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ امریکہ سے ڈاکٹر عمیرکا اپنی بہن ام حبیبہ کیلئے پاکستان آکر گردہ عطیہ کرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان میں انتہائی ہائی پروفیشنل ڈاکٹرز موجودہیں،گردہ عطیہ کرنے والے خودبھی کے ای کے گریجوایٹ ہیں۔
جناح ہسپتال لاہور میں ایک اور کڈنی ٹرانسپلانٹ کامیاب رہا ،حبیبہ شارجہ اور ڈاکٹر عمیر امریکہ سے پاکستان کڈنی ٹرانسپلانٹ کیلئے آئے مریضہ ام حبیبہ کو کامیاب ٹرانسپلانٹ کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
انہوں نے پیوندکاری کے حوالےسے بتاتے ہوئے کہا کہ 4سے 5ما ہ میں ایک یا 2مریضوں کے گردوں کی پیوندکاری ہوتی ہے تاہم اب وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ذاتی دلچسپی کے باعث اڑھائی سال میں50تک آپریشن ممکن ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ مریضوں کی تعدا د بہت زیادہ ہے اس حوالے سے چند ایک مسائل بھی ہیں جن کو دور کرنے کی ہرممکن کوشش جاری ہے ،مریضوں کا بہترین علاج اور دکھی انسانوں کی خدمت ہمارا نصب العین ہے ۔
ہسپتال میں 1998 میں گردوں کا ٹرانسپلانٹ شروع ہواجو ابتک جاری اور سینکڑوں مریضوں کے مفت کڈنی ٹرانسپلانٹ کئے جا چکے ہیں، 2016 میں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی کے قیام کے بعدٹرانسپلانٹ کا عمل دوبارہ شروع ہوا، گردہ تبدیلی اجازت کے بعد ستمبر 2024 تک چلتی رہی۔
جناح ہسپتال کو پی ہوٹا نے عارضی اجازت دے رکھی تھی، پی ہوٹا نے ماڈیولر آپریشن تھیٹر کی شرط عائد کی اور نومبر 2024میں چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ گوہر اعجاز نے ماڈیولر آپریشن تھیٹر بنوا کر دے دیا۔



