جوجیتا وہی سکندر،پاک،بھارت ٹاکرا،دلوں کی دھڑکنیں تیز
پاکستان کیلئے میچ جیتناضروری ،مرویاماروکی صورتحال،دبئی میں میچ کے دوران بارش کا بھی امکان ، پاکستان کے مختلف شہروں میں بڑی سکرینیں نصب
لاہور، دبئی (سلمان حسین ،حافظ زاہدعلی) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2025ء کے پانچویں میچ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج دبئی میں مد مقابل ہوں گی جس کے لئے شائقین کرکٹ پرجوش ہیں۔
یہ میچ پاکستان کے لئے جیتناضروری ہے شکست کی صورت میں قومی کرکٹ ٹیم ایونٹ کی ٹاپ فورٹیموں کی دوڑ سے باہرہوسکتی ہے۔ دونوں ٹیمیں چیمپئنزٹرافی میں اپنا دوسر ادوسرا میچ کھیلیں گی ۔
میزبان پاکستان ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 60رنز سے شکست کے بعد کافی دبائو میں ہے۔جبکہ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو6وکٹوں سے شکست دی تھی۔پاکستان کوایونٹ میں ان رہنے کے لئے یہ میچ ہرحال میں جیتناہوگا،بھارتی ٹیم چیمئنز ٹرافی 2025کی مضبوط دعویدار ہے اور اس نے گزشتہ 10ایک روزہ میچوں میں سے 7میں کامیابیاں حاصل کی ہیں جبکہ پاکستان ٹیم نے گزشتہ 10میچوں میں سے 6میچ جیتے ہیں اورآخری چار میچوں میں سے تین میچ ہارے ہیں ۔
دونوں ٹیموں کے پاس مضبوط بیٹنگ اور بولنگ اٹیک ہیں لیکن بھارت کی ٹیم زیادہ متوازن اور مضبوط نظر آتی ہے اس لیے میچ کے نتائج کا فیصلہ کرنے میں بلے بازوں اور گیند بازوں کے درمیان لڑائی اہم ہوگی۔
علاوہ ازیں محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں ہونے والے میچ کے دوران بارش کے خطرات برقرار ہیں۔متحدہ عرب امارات کے محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی رات اور پیر کی صبح جزوی طور پر ابر آلود موسم اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ماہرینِ موسمیات کا خیال ہے کہ اگر دبئی میں بارش ہوئی تو بہت کم وقت کے لیے ہوگی جس سے میچ متاثر ہونے کا امکان کم ہے۔
دریں اثنا پاکستان کے مختلف شہروں میں پاک بھارت میچ لائیو دکھانے کے لئے بڑی سکرینیں لگا دی گئی ہیں۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں پاک بھارت میچ بڑی سکرین پر دکھانے کے لئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں ۔
سندھ حکومت نے بھی پاک بھارت میچ کے لئے کراچی سمیت سندھ بھر میں بڑی سکرینیں لگا دی گئی ہیں ۔ اس حوالے سے صوبائی وزیرکھیل محمد بخش مہر نے کہاکہ کراچی،حیدرآباد اورلاڑکانہ میں پاک بھارت میچ کے لیے اسکرین لگائی جائیں گی،گھوٹکی سمیت تیس اضلاع میں بھی پاک بھارت میچ لائیو دکھانے کا اہتمام کیا ہے۔
کراچی میں سی ویو اورسندھ یوتھ کلب گلستان جوہرمیں بڑی اسکرین پرمیچ لائیو دکھایا جائےگا،حیدرآباد نیاز اسٹیڈیم، خیرپور ممتاز کرکٹ گرائونڈ اورٹنڈو محمد خان میں بھی پاک بھارت میچ لائیو دکھایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی میچ کو بڑی سکرین پر دکھانے کے لئے تیاریاں کی گئی ہیں۔



