لاہور:(انٹرویو:محمدشفیق خادم،سید ظہیرنقوی)نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس شاہد نذیر چودھری نے بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران سہولیات بڑھائیں ،کشکول سے جان چھڑائیں۔
نائب صدر لاہور چیمبر آف کامرس شاہد نذیر چودھری نے cnnurdu.com/(سی این این اردوڈاٹ کام) سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عالمی منڈیوں سمیت مسلم ممالک سے تجارت بڑھانے کا مطالبہ کردیا ۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معیشت کیلئے امپورٹ ایکسپورٹ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، بنگلہ دیش سے تجارت کا فروغ انتہائی خوش آئند ہے لیکن ہمسایہ سمیت دوسرے مسلم ممالک سے بھی دو طرفہ تجارت کوبڑھانا چاہیئے ۔
انہوں نے کہا کہ پہلے ہی ٹیکسوں کی بھرمار ہے ،آئی ایم ایف سمیت دیگر اداروں کا بہانہ بنا کرحکومتی محکمے اور ادارے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ناجائز ڈراتے دھمکاتے اور تنگ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی افسران کا تاجروں اور صنعتکاروں سے سلوک انتہائی نامناسب ہے،فیکٹریوں اور ملوں پرفضول چھاپے مارے جاتے ہیں جس سے تاجر طبقہ سمیت ملک کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری پہلے ہی مسائل کا شکار ہے جبکہ آئی ٹی کے حوالے سے بھی مشکلات پید ا کی جارہی ہیں جس سے اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔
انہوں نے بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہمسایہ آئی ٹی انڈسٹری میں سہولیات ملنے کی وجہ سے اربوں ڈالر کما رہا ہے جبکہ ہمارے ہاں الٹی گنگا بہتی ہے،آئے روز شٹ ڈائون اور پابندیوں نے بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کرے جلد بیرونی قرضوں سے جان چھوٹ جائے گی۔
انہوں نے حکومت کو تجاویزپیش کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کیلئے دوستانہ ماحول پیدا کیا جائے جس سے نہ صرف ملک کی معیشت بہتر ہوگی بلکہ روزگا ر کے اضافی مواقع پیدا ،غربت کا خاتمہ ہوگا حکومت کو بھی کشکول اٹھائے قرضہ کیلئے کسی کے در پر نہیں جا نا پڑے گا۔



