کوئٹہ:(ویب ڈیسک)بلوچستان کے ضلع خضدار کی تحصیل نال بازار میں دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 3افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے۔
پولیس نے بتایا کہ دھماکے کے بعد گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی، موقع سے شواہد اکھٹے کرکے دھماکےکی نوعیت کا معلوم کیاجا رہاہے۔
خضدار پولیس کا مزید کہنا تھا کہ زخمیوں کو نال اور خضدار ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز نے بنوں چھاؤنی پر فتنۃ الخوارج کا حملہ ناکام بناتے ہوئے تمام 16دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا، جھڑپ میں 5 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، حملے میں 13 معصوم شہری شہید اور 32 زخمی بھی ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ جھڑپ میں 5 جری جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا، مایوس دہشت گردوں نے بارود سے بھری دو گاڑیاں چھاؤنی کی دیوار سے ٹکرائیں، خودکش دھماکوں کے نتیجے میں چھاؤنی کی دیوار کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔
آئی ایس پی آر نے مطالبہ کیا تھا کہ افغان عبوری حکومت اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہونے سے روکے، پاکستان اپنی سرحدوں کے پار سے آنے والے ان خطرات کے خلاف ضروری اقدامات اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔



