سیلاب متاثرین کیلئے سعودی امداد حقیقی بھائی چارے کی علامت : مریم نواز
وزیراعلیٰ سے سعودی سفیر سعید بن نواف المالکی ، بنگلہ دیش کے وزیر مذہبی امور کی ملاقات،نیوی کے شہداکو خراج عقیدت پیش
لاہور :(سلمان حسین) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی پنجاب ہیلتھ ٹیم صوبے بھر کے سیلاب متاثر ین کی خدمت میں سرگرم عمل ہے۔ سیلاب متاثرہ اضلاع میں خواتین اور بچوں کی صحت کی دیکھ بحال کے مربوط پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ متاثرین کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں دی جارہی ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں 968 کلینک آن ویل اور میڈیکل ریلیف کیمپ قائم کر دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر خواتین اور بچوں کے علاج معالجہ کے لئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب رات گئے تک ملتان میں سیلابی صورتحال کی مانیٹرنگ اور اپ ڈیٹس لیتی رہیں۔ وزیراعلیٰ نے ملتان کے سیلاب متاثرین کے انخلاءکی براہ راست مانیٹرنگ کی اورمتاثرہ تحصیل جلالپور سے انخلا آپریشن کی ورچوئل نگرانی کرتی رہیں۔ وزیر اعلیٰ سیلابی صورتحال کی لمحہ بہ لمحہ رپورٹ لیتی ر ہیں اور ریسکیو آپریشن کی مانیٹرنگ کرتی رہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ جلالپور پیروالا، ملتان میں ریسکیو آپریشن جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی براہ راست نگرانی میں گجرات کے بےشتر علاقوں سے سیلابی پانی کی نکاسی مکمل کرکے شہر کا بڑا حصہ سیلابی پانی سے کلیئر کر دیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے گجرات سے سیلابی پانی کے مکمل انخلاءتک سرکاری افسران اور عملہ کو فیلڈ میں رہنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے پنجاب کے 7 اضلاع کے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان کے 5 ٹرک پہنچ گئے ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور سعودی سفیر سعید بن نواف المالکی نے امدادی سامان کے پانچ ٹرک پی ڈی ایم اے کے سپرد کئے ۔ کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے امدادی سامان 10,000 شیلٹر کٹس اور 10,000 فوڈ پیکجز پر مشتمل ہے۔ کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی طرف سے سیلاب متاثرین کو خیمے،سولر پینلز، ایل ای ڈی،کچن سیٹ،کمبل اور دیگر اشیاءکا تحفہ شامل ہیں۔ قصور، جھنگ، خانیوال،حافظ آباد،چنیوٹ، ملتان اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سیلاب متاثرین کو امدادی سامان دیا جائے گا ۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سیلاب زدگان کے لئے امدادی سامان سعودی عرب کی پاکستان کے ساتھ اخوت اور بھائی چارے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی تعلقات، سیلاب متاثرین کی امداد، اقتصادی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو خراج تحسین پیش کیا۔ جلالپور پیروالا سے آبادی کا محفوظ انخلا جاری ہے۔1500 افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔ متاثرین کی مدد کے لئے ضروری مشینری پہنچا دی گئی۔ مریم نواز شریف نے انخلا آپریشن میں معاونت پر پاک آرمی اور ایئر فورس کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دریں اثنا مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے بنگلہ دیش کے وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر خالد حسین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بنگلہ دیش کے وزیر برائے مذہبی امور ڈاکٹر خالد حسین نے پاکستانی طلبہ کے لئے 500 نئے سکالر شپ دینے کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کا رشتہ سرحدوں سے بالاتر نسل در نسل بھائی چارے پر مشتمل ہے۔ تجارت اور براہ راست رابطے پاکستان اور بنگلہ دیش کے عوامی تعلقات کو مزید تقویت بخشیں گے۔ پنجاب بنگلہ دیش کے ساتھ گرین انرجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کا خواہاں ہے۔ پنجاب اور بنگلہ دیش کے مابین فلڈ مینجمنٹ اور زرعی پائیداری میں بھی شراکت داری کا خیر مقدم کریں گے۔خطے میں امن، خوشحالی کے لئے پاک-بنگلہ دوستی کو دیرپا شراکت داری میں بدلیں گے۔
مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب نے پاک نیوی ڈے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان نیوی کے شہدا، غیور آفیسرز اور ہر سیلر کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان نیوی کے ہر آفیسر اور ہر جوان پر قوم کو فخر ہے۔نیوی کے شہداءنے اپنے پاک لہو سے جرات وقربانی کی داستان لکھی۔پاک بحریہ کے سپوت دشمن کے خواب چکناچور کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ قوم کے ہر بچے کا دل بحری محافظوں کے لیے فخر سے لبریز ہے۔



