انٹر نیشنلپاکستانتازہ ترین

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جائیگا : ریلیوں، سیمینارز اور تقاریب کا انعقاد

اسلام آباد ( ویب ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج 5فروری کو کشمیر پر بھارتی تسلط کیخلاف یومِ یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جارہا ہے، اس موقع پر مختلف شہروں میں یکجہتی ریلیاں، سیمینار اور تقاریب منعقد ہوں گی، ایک منٹ کی خاموشی اختیار اور انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی جائیں گی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
تمام سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی ادارے ،بینک اور بیشتر کاروباری سرگرمیاں بند رہیں گی۔ آج صبح 10 بجے پورے ملک میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔ خاموشی کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے نتیجے میں شہید ہونے والے کشمیریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کی قربانیوں کو یاد رکھنا ہے۔
اس موقع پر مساجد میں خصوصی دعائیں بھی کی جائیں گی جبکہ مختلف شہروں میں یکجہتی ریلیاں، سیمینار اور تقاریب منعقد ہوں گی۔ یومِ یکجہتی کشمیر ہر سال پاکستان میں قومی جذبے کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس دن عوام، سیاسی و مذہبی جماعتیں، سول سوسائٹی اور طلبہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا بھرپور اظہار کرتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر اپنی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ یومِ کشمیر کے موقع پر دارالحکومت اسلام آباد سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں میں خصوصی تقریبات ہوں گی۔ سرکاری عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا اور میڈیا پر خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے جن میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی جدوجہد کو اجاگر کیا جائے گا۔
وفاقی حکومت نے عوام سی اپیل کی ہے کہ وہ یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر امن و نظم و ضبط کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی یکجہتی کا اظہار کریں اور کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا پیغام دنیا تک پہنچائیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور کشمیریوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button