امریکہ نے ایف 16طیاروں کیلئے جدید ٹیکنالوجی فروخت کرنیکی منظوری دیدی : پاکستان کا خیر مقدم
طیاروں کی عمر 2040ء تک بڑھ جائیگی، ٹیکنالوجی کی مجموعی مالیت 68کروڑ 60لاکھ ڈالر، لنک16سسٹمز، کرپٹوگرافک آلات، ایویونکس اپ گریڈ، تربیت اور مکمل لاجسٹک سپورٹ بھی شامل
واشنگٹن، اسلام آباد (ویب ڈیسک ) امریکہ نے پاکستان کے ایف۔16لڑاکا طیاروں کے لئے جدید ٹیکنالوجی اور معاونت کی فروخت کی منظوری دے دی، جس کی مجموعی مالیت 68کروڑ 60لاکھ ڈالر ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بات امریکی ڈیفنس سکیورٹی کوآپریشن ایجنسی ( ڈی ایس سی اے) کی جانب سے کانگریس کو بھیجے گئے حالیہ خط میں بتائی گئی۔ فروخت میں لنک16سسٹمز، کرپٹوگرافک آلات، ایویونکس اپ گریڈ، تربیت اور مکمل لاجسٹک سپورٹ شامل ہیں۔
ڈی ایس سی اے نے خط میں کہا کہ یہ فروخت امریکہ کی خارجہ اور قومی سلامتی کے مقاصد کے مطابق ہے، کیونکہ اس سے پاکستان کو انسدادِ دہشتگردی کی کارروائیوں اور مستقبل کے ممکنہ آپریشنز میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ انٹرآپریبلٹی برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
خط کے مطابق یہ فروخت پاکستان کے ایف۔16بیڑے کو جدید بنانے، اس کی حفاظت بہتر کرنے اور اسے موجودہ و مستقبل کے خطرات سے نمٹنے کے قابل بنانے میں معاون ہوگی۔ اس اپ گریڈ سے بلاک52اور Mid Life Upgradeایف۔16طیاروں کے استعمال کی مدت 2040ء تک بڑھ جائے گی۔
امریکہ نے کہا کہ پاکستان اس ٹیکنالوجی کو آسانی سے استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ فروخت خطے میں طاقت کا توازن بھی نہیں بدلے گی۔ اس معاہدے کا مرکزی کنٹریکٹر لاک ہیڈ مارٹن ہوگا اور اس پر عملدرآمد کے لیے پاکستان میں کسی اضافی امریکی اہلکار کی ضرورت نہیں ہوگی۔ کل 68کروڑ 60لاکھ ڈالر کے اس پیکیج میں 3کروڑ 70لاکھ ڈالر مالیت کا بڑی دفاعی سازوسامان شامل ہے، جس میں 92لنک، 16ڈیٹا لنک سسٹمز اور 6غیر دھماکہ خیز Mk82بم باڈیز شامل ہیں۔ باقی 64کروڑ 90لاکھ ڈالر کے آلات میں جدید شناختی سسٹمز، کرپٹوگرافک ماڈیولز، سافٹ ویئر و ہارڈویئر اپ گریڈ، تربیت، سمیولیٹرز، اسپئیر پارٹس اور تکنیکی معاونت شامل ہے۔
پاکستان نے 2021ء میں ایف۔16بیڑے کی اپ گریڈیشن کی درخواست دی تھی، تاہم امریکہ نے اس کا جواب موخر کر دیا تھا۔ اب جبکہ پاکستان دیگر لڑاکا پلیٹ فارمز پر زیادہ انحصار کر رہا ہے، وہ پھر بھی اس پیشکش کا خیر مقدم کرتا ہے، کیونکہ اس سے ایف۔16طیاروں کی آپریشنل عمر 2040ء تک بڑھ جائے گی۔
خط کے مطابق یہ فروخت پاکستان کے ایف۔16بیڑے کو محفوظ اور موثر طریقے سے چلانے میں مدد دے گی اور امریکہ کے خارجہ و سکیورٹی مقاصد کو بھی تقویت دے گی۔ دوسری جانب پاکستان نے امریکہ کی جانب سے ایف 16کی اپ گریڈیشن کیلئے امداد کے فیصلے خیر مقدم کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرانی نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایف سولہ کی اپ گریڈیشن کیلئے امداد کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔



