پاکستانتازہ ترینکاروبار

اسٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم ، ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل بھی عبور

کاروبار میں زبردست تیزی، ایک ارب 16کروڑ شیئرز کے سودے، مالیت 39ارب 77کروڑ روپے، مارکیٹ کیپٹلائزیشن 138ارب بڑھ کر 12ہزار 716ارب ہو گئی

لاہور، کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ہو گئی، انڈیکس نے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کر لیا۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت رجحان رہا جس کے باعث 100انڈیکس813پوائنٹس اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 82پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا ہے۔ گزشتہ روز کاروبار کے آغاز پر ہی پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور ایک وقت پر 100انڈیکس ایک ہزار 77پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 346پوائنٹس تک پہنچ گیا، پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 100انڈیکس نے تاریخ میں پہلی بار ایک لاکھ کی سطح عبور کی ہے۔ کاروبار کے اختتام پر 100انڈیکس مجموعی طور پر 813پوائنٹس اضافے سے ایک لاکھ 82پوائنٹس پر بند ہوا۔ بازار میں ایک ارب 16کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 39ارب 77کروڑ روپے رہی۔

ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمتوں میں معمولی کمی آگئی، انٹر بینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر 12پیسے مہنگا ہوا ہے، سٹیٹ بینک

مارکیٹ کیپٹلائزیشن 138ارب روپے بڑھ کر 12ہزار 716ارب روپے ہو گئی ہے ۔ ادھر عالمی و ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق ملکی صرافہ بازاروں میں 700روپے کمی کے بعد سونے کی فی تولہ قیمت 2لاکھ 75ہزار 200روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح 10گرام سونے کی قیمت میں 600روپے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد 10گرام سونے کی قیمت 2لاکھ 35ہزار 940روپے پر آگئی ہے۔ دوسری جانب بین الاقوامی صرافہ بازاروں میں 7ڈالر کی کمی کے بعد فی اونس سونا 2ہزار 640ڈالر کا ہو گیا ہے۔ دوسری طرف انٹربینک میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں ڈالر 12پیسے مہنگا ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق انٹربینک تبادلہ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کا بھائو 277روپے 96پیسے رہا۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button