چکوال،گوجرہ،ننکانہ صاحب میں پولیس مقابلے،4ملزم ہلاک
ہلاک ہونے والے ملزموں میں اشتہاری اویس ، عرفان ،غلام رسول اور ارشد شامل
چکوال، گوجرہ، ننکانہ صاحب (بیورو چیف/نمائندگان) سی سی ڈی کے ساتھ پولیس مقابلوں میں4ملزم ہلاک ہوگئے۔سی سی ڈی سرگودھا اور سی سی ڈی چکوال نے فوجی فائونڈیشن ہسپتال کلرکہار میں دو بڑے خطرناک نوعیت کے اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا توآگے سے ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔
اشتہاری مجرم اویس موچی اوراس کا ایک ساتھی عرفان وسنال مقابلے میں ہلاک ہوگئے۔ تین اشتہاری فرار ہوگئے۔ ہلاک ملزم اویس سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔ تھانہ صدر پولیس گوجرہ کی گشت پر مامور پولیس پارٹی نے چک نمبر278ر۔ ب سیم نہر کے قریب موٹر سائیکل سوار تین مشکوک افرادکو رکنے کا اشارہ دیا جنہوں پولیس پارٹی پر جان لیوا فائرنگ شروع کر دی ۔ فائرنگ رکنے پر سرچ آپریشن کیا گیا تو ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں پایا گیا۔
زخمی کی شناخت غلام رسول ولد بشیر سکنہ کاہنہ لاہور سے ہوئی جسے فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹرزہسپتال گوجرہ منتقل کیا جا رہا تھا جوکہ راستہ میں ہی ہلاک ہوگیا۔
ننکانہ صاحب میں تھانہ بڑا گھر کے علاقے چینڈ پورکے قریب پولیس اور جرائم پیشہ افراد کے درمیان مبینہ مقابلے کے دوران ایک خطرناک ملزم ارشد ہلاک ہو گیا۔
جبکہ اس کے دو ساتھی موٹر سائیکل پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کے مطابق کارروائی سی سی ڈی ٹیم نے کی، اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران ہلاک ہونے والا ملزم ارشد اپنے ہی ساتھیوںکی گولیوںکا نشانہ بنا۔



