لاہور ( بیوروچیف/سید ظہیر نقوی) لاہور ہائیکورٹ نے رمضان المبارک کے بعد دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں اور موٹر سائیکل بند کرنے کا حکم دے دیا اور سی ٹی او اور ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ داخل کرانے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے ایل ڈی اے کو سکولز کی ٹریفک سے متعلق تفصیلی پلان داخل کرانے کا بھی حکم دے دیا، جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیلئے موثر اقدامات نہ کرنے کیخلاف درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت نے ہدایت کی ایل ڈی اے گرین بلڈنگز کو ٹیکس چھوٹ کیلئے پالیسی بنائے،بڑے عرصے کے بعد لاہور میں ایسا موسم ہے کہ رات کو ستارے نظر آ رہے ہیں۔
عدالت نے سکولز کو گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد پارکنگ ایریا بنانے کی بھی ہدایت کی اور باور کرایا ایل ڈی اے کو چھوٹے سکولز کو اپنی کھیلوں کی سہولیات استعمال کرنے کی اجازت دینی چاہئیے ، عدالت نے پانی کا ضیاع روکنے کیلئے واسا کو واٹر میٹرز کی تنصیب جلد سے جلد مکمل کرنے کا حکم دیااور پی این ڈی کو سمری پر جلد عملدرآمد کروانے کی ہدایت کر دی۔
عدالت نے باور کرایا بسوں کی پالیسی پر عملدرآمد کرائیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے ساہیوال ہسپتال میں آتشزدگی کے واقعہ کی جوڈیشل انکوائری نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست پر وکلا کے پیش نہ ہونے پر سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ نےمنشیات کے استعمال کی روک تھام اور نشہ کرنے والوں کی بحالی کے لیے اقدامات کرنے کی درخواست پر پنجاب حکومت اور محکمہ صحت سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا،جسٹس فیصل زمان خان نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی درخواست پر سماعت کی ۔
لاہور ہائیکورٹ نے موٹر سائیکلوں کیلئے گرین لین منصوبے کے اخراجات کی تفصیلات کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کو برقرار ر رکھا، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پی ٹی آئی کے رہنما اکمل خان کی درخواست پر اعتراض کی سماعت کی، چیف جسٹس نے بغیر متعلقہ دستاویزات درخواستیں دائر کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا اور باور کرایا کیوں نہ غیر ضروری درخواستیں دائر کرنے پر 20 ہزار جرمانہ کرکے درخواست خارج کی جائے۔



