انٹر نیشنلتازہ ترین

جنوبی کوریا:طیارہ ہوائی اڈے کی دیوار سے ٹکراکر تباہ،176مسافر ہلاک

عملے کے 2ارکان کو بچا لیا گیا،پرندہ ٹکرانے کی بھی اطلاع،قائمقام صدر کادورہ

سیئول:(ویب ڈیسک)جنوبی کوریا میں مسافر طیارہ لینڈنگ گیئر نہ کھلنے کے باعث رن وے پر پھسلنے کے بعد موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 176 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی اور عملے کے 2 ارکان کو بچالیا گیا جبکہ 3 افراد لاپتہ ہیں۔

جنوبی کوریا کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کے بعد اس وقت پیش آیا جب جیجو ایئر کی پرواز 7 سی 2216 تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے عملے کے 6 ارکان سمیت 181 افراد کو لے کر ملک کے جنوب میں واقع موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کر رہی تھی۔

طیارے کی تباہی کی وڈیو سامنے آگئی ہے جس میں طیارے کو رن وے پر پھسلنے کے بعد ایئرپورٹ کی دیوار سے ٹکراتے اور آگ کے گولے میں تبدیل ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لینڈنگ کے وقت طیارے کے لینڈنگ گیئر کھلے ہوئے نہیں تھے۔

موان کے چیف فائر آفیسر لی جنگ یون نے بریفنگ میں بتایا کہ طیارے کے عقبی حصے کے ملبے سے عملے کے 2 ارکان کو بچالیا گیا ہے جبکہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔

جنوبی کوریا کی فائر فائٹنگ ایجنسی نے حادثے میں 176 اموات کی تصدیق کردی ہے جبکہ 3 افراد لاپتہ ہیں جبکہ جہاز کے عقبی حصے کے ملبے سے 2 فضائی میزبانوں کو زندہ بچالیا گیا۔

جیجو ایئر کےافسر فضائی حادثے پر معافی مانگی ہے

 

 

فائر فائٹنگ ایجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ طیارے کے دیوار سے ٹکرانے کے بعد مسافرباہر جاگرے۔

عہدیدار نے بتایا کہ طیارہ تقریباً مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور مرنے والوں کی شناخت کرنا مشکل ہے، ہم باقیات کی تلاش کررہے ہیں ،جس میں وقت لگے گا۔

وزارت ٹرانسپورٹیشن کے مطابق مسافروں میں تھائی لینڈ کے دو شہری بھی شامل ہیں جبکہ باقی کا تعلق جنوبی کوریا سے ہے۔

جیجو ایئر لائن کے ترجمان نے بتایا کہ طیارہ بوئنگ 737-800 جیٹ تھا، حادثے کی تفصیلات بشمول اموات کی تعداد اور حادثے کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں، موان ایئرپورٹ پر تمام مقامی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔

موان کے فائر چیف لی جنگ ہیون نے کہا کہ تفتیش کار ممکنہ عوامل کے طور پر پرندوں کے ٹکرانے اور موسمی حالات کا جائزہ لے رہے ہیں، یونہاپ نے ایئرپورٹ کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ پرندوں کے ٹکرانے کی وجہ سے لینڈنگ گیئر میں خرابی ہوسکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ایک مسافر نے اپنے ایک رشتہ دار کو پیغام بھیجا کہ پرندہ ونگ میں پھنس گیا ہے، اس شخص کا آخری پیغام یہ تھا کہ کیا مجھے اپنے آخری الفاظ کہنے چاہئیں؟

جنوبی کوریا کے قائم مقام صدر چوئی سانگ موک جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور حکام کو سرچ آپریشن کے لیے ہر ممکن کوششیں کرنے کی ہدایت کی۔ چوئی سانگ موک نے سوگوار خاندان کے افراد سے گہری تعزیت کا اظہار کیا اور انہیں ہر ممکن سرکاری امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس سے قبل صدارتی دفتر نے اس حادثے پر حکومتی ردعمل پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اعلیٰ سیکریٹریز کا ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا،دفتر نے بتایا کہ صدارتی چیف آف اسٹاف چنگ جن سک نے اجلاس کی صدارت کی اور دفتر نے قائم مقام صدر کو اجلاس کے نتائج کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

جیجو ایئر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کم ای بے نے پریس بریفنگ کے دوران فضائی حادثے پر معافی مانگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے، طیارے کا حادثات کا کوئی ریکارڈ نہیں تھا اور نہ ہی خرابی کے ابتدائی آثار تھے۔ کم ای بے نے کہا کہ ایئرلائن تفتیش کاروں کے ساتھ تعاون کرے گی اور سوگواروں کی مدد ہماری اولین ترجیح ہے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button