سعودی عرب : 3دہشتگردوں کو سزائے موت،شہری کا قاتل مقابلہ میں ہلاک
ریاض:سعودی عرب میں دہشت گردی میں ملوث 3مقامی شہریوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کر دیا گیا۔سعودی وزارت داخلہ کے حوالے سے بتایاگیاہے کہ الجوف میں دہشت گردی میں ملوث 3 مقامی شہریوں کی سزائے موت پرعمل درآمد کردیا گیا ہے۔مقامی شہری سعد بن بشیر الرویلی ، سعد بن مسند الرویلی اور نایل بن ذابل الرویلی کو بیرون مملکت دہشت گرد تنظیم میں شامل ہونے اور ان کے احکامات پرعمل کرتے ہوئے مملکت میں اس تنظیم کےلئے کام کرنے پر حراست میں لیا گیا تھا۔دریں اثنا سعودی عرب کے علاقے النماص میں سرراہ ایک شہری پرفائرنگ کرنے والا پولیس مقابلے میں مارا گیا۔
سعودی میڈیاکے مطابق النماص میں پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک نامعلوم شخص سعودی شہری پر فائرنگ کرکے موقع سے فرار ہوگیا ہے اور جس شخص پر فائرنگ کی گئی تھی وہ موقع پرہی ہلاک ہو گیا ہے۔اطلاع ملتے ہی ملزم کو گرفتار کرنے کےلئے پولیس ٹیم نے اس کا تعاقب کیا مگر اس نے گرفتاری دینے کے بجائے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس پر پولیس نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں گولی لگنے سے وہ شخص ہلاک ہوگیا۔



