پاکستانتازہ ترینجرم-وسزاعلاقائی خبریں

کرک :ٹریفک حادثے میں ماں بیٹی سمیت 12 جاں بحق ،7زخمی

میران شاہ سے پشاور جانیوالی کوچ مخالف سمت سے آنیوالی منی کنٹینر سے ٹکرائی، مسافر کوچ کا اگلا حصہ کنٹینر کے نیچے آگیا،زخمیوں میں باپ بیٹا بھی شامل

کوہاٹ(ویب ڈیسک ) کرک شہر کے قریب انڈس ہائی وے پر ٹریفک کے المناک حادثہ میں ماں بیٹی سمیت 12مسافر لقمہ اجل بن گئے جبکہ 7دیگر شدید زخمی ہوگئے۔جاں بحق و زخمی ہونے والوں باپ بیٹا بھی شامل ہیں۔

حادثہ بدھ کے روز کرک کی حدود میں انڈس ہائی وے پر لکی غنڈکی کے قریب پیش آیا جہاں شمالی وزیرستان کے ضلعی صدرمقام میران شاہ سے پشاور جانے والی مسافر کوچ نمبر TE-548 مخالف سمت سے آنے والی منی کنٹینر نمبر 6303 سے ٹکراگئی۔

حادثہ اتنا شدید تھا کہ کوچ کا اگلا حصہ منی کنٹینر کے نیچے آگیا جس کے نتیجے میں کئی مسافر جاں بحق اور زخمی ہوکر پھنس گئے اور علاقہ قیامت صغریٰ کا منظر پیش کرنے لگا۔

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو 1122 کے اہلکار اور مقامی افراد جائے وقوعہ پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ پھنسے افراد کو نکالنے کے لئے بھاری مشینری پہنچادی گئی۔ ریسکیو کی میڈیکل ٹیموں نے جاں بحق اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کرک پہنچادیا۔

ابتدائی اطلاعات اورذرائع کے مطابق حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں ماں اور بیٹی سمیت 10 افراد موقع پر جاں بحق اور 8 دیگر شدید زخمی ہوگئے تاہم بعدازاں ریسکیوذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پشاور لے جاتے ہوئے راستے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دو شدیدزخمی جان کی بازی ہارگئے اور یوں اس حادثہ میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 12ہوگئی جن میں ماں بیٹی اورکم سن بیٹے کے علاوہ باپ بیٹا بھی شامل ہیں۔

مقامی انتظامیہ اور ریسکیو1122 کی ٹیموں نے حادثہ میں جاں بحق افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقے شمالی وزیرستان پہنچادیں جہاں میتیں پہنچتے ہی فضا سوگوار ہو گئی اور علاقے میں کہرام مچ گیا۔اس موقع پر رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے اور ہرآنکھ آبدیدہ ہوگئی۔

ادھر حادثہ کے بعد موقع سے فرار ہونے والے منی کنٹینر کے ڈرائیور کو کرک پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔بتایاجاتا ہے کہ حادثہ ڈرائیور کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے نتیجے میں پیش آیا ہے ۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button