اسلام آباد،لاہور(بیوروچیف سے ،ویب ڈیسک )سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کےلئے کاروبار اور زرعی قرضہ سکیم کا دائرہ بڑھا دیا ہے۔
جاری اعلامیے میں سٹیٹ بینک نے کہا سکیم کے تحت متوقع بیرون ملک جارہی افرادی قوت اور لیپ ٹاپ کےلئے بھی قرض لیا جا سکے گا، لیپ ٹاپ کےلئے 4 سالہ قرض کائیبور پلس 3 فیصد بینک ریٹ پر مہیا ہو گا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لیپ ٹاپ ایچ ای سی سے منظور شدہ اداروں کے18 سے30 سال تک کے طلبہ لے سکیں گے۔سٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق بیرون ملک روزگار پر جانے والوں کو 10 لاکھ روپے قرض دیا جائے گا جبکہ بیرون ملک روزگار کےلئے جانے والوں کو ٹریننگ، ویزا، سفری اخراجات کےلئے قرض دیا جائے گا۔
مرکزی بینک کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ قرض کا دورانیہ 5 سال اور بینک ریٹ کائیبور پلس 3 فیصد ہو گا، قرض کی فراہمی21 سے 45 سال تک کی افرادی قوت کےلئے ہو گی۔



