لاہور ( بیورو چیف) لاہور میں بسنت کے قریب آتے ہی شہریوں میں جوش و خروش عروج پر ہے اور پتنگ بازی کے سامان کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہو گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ اور ڈور کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔
لاہور میں بسنت کے حوالے سے تیسرے روز بھی پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت عروج پر رہی، تین روز میں 54کروڑ روپے سے زائد کی ڈور، گڈی فروخت ہوئے۔
تیسرے روز مارکیٹس میں5لاکھ سے زائد گڈے، پتنگیں فروخت ہوئے، ڈیڑھ تاوا گڈا 650روپے، ایک تاوا 450روپے اور پونا تاوا 250روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
کائٹ ایسوسی ایشن کے عہدیدار کے مطابق دو پیس ڈور کا پنا 7سے 8ہزار روپے میں فروخت ہورہا ہے جبکہ چار پیس کا پنا 12سے 15ہزار روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب بسنت فیسٹیول کی وجہ سے فیصل آباد اور گوجرانوالہ سے بھی ڈاکٹر لاہور بلا لئے گئے ہیں۔
سرجری اور ای این ٹی کے ایسوسی ایٹ کو لاہور بلالیا گیا۔ اسسٹنٹ پروفیسر اور سینئر رجسٹرار کو بھی بسنت پر لاہور بلایا گیا ہے۔
لاہور بلائے گئے ڈاکٹر کوٹ خواجہ سعید ، یکی گیٹ ہسپتال میں ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔ سروسز، سید مٹھا ہسپتال اور میاں منشی ہسپتال میں ڈاکٹر خصوصی ڈیوٹی پر تعینات ہونگے۔ مزید برآں پولیس کی جانب سے بغیر سیفٹی راڈ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف مقدمات کا سلسلہ جاری ہے۔ گلبرگ اور نصیر آباد پولیس نے سیفٹی راڈ نہ لگانے پر 2مقدمات درج کر لئے۔



