غیرت کے نام پر بھانجے کے ہاتھوں 3بچوں کی ماں، پڑوسی قتل
بھکر میں دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات کا ملزم گرفتار، استعمال ہونے والا پستول برآمد
بھکر، فیصل آباد ( بیوروچیف /نمائندگان) بھکر کے نواحی علاقہ چک نمبر 12میں غیرت کے نام پر دوہرے قتل کی لرزہ خیز واردات پیش آئی، جہاں 35سا لہ خاتون کو اس کے 25سالہ پڑوسی کے ہمراہ قتل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ مقتولہ کے بھانجے قیس علی کے ہاتھوں پیش آیا۔
فیصل آباد میں معمولی جھگڑے پر مخالف قتل، رقم نہ دینے پر نشئی نوجوان نے بھاوج مار دی
ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق کے مطابق اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی کلور کوٹ نصر اللہ خان، ایس ایچ او تھانہ چاندی چوک منظور جسکانی اور بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے قاتل قیس علی کو گرفتار کرلیا اور واردات میں استعمال ہونی والا 30بور پستول بھی برآمد کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقتولہ تین بچوں کی ماں تھیں جبکہ مقتول آفاق غیر شادی شدہ تھا۔ ابتدائی تحقیقات مکمل کر کے تمام شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش کیلئے سرگودھا سے فرانزک ٹیم کو بھی بلا لیا گیا ہے۔ ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جارہی ہے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے کئے جا سکیں۔ دریں اثنا فیصل آباد میں ملت ٹائون کے علاقہ عمیر ٹائون میں معمولی جھگڑے پر مسلح افراد نے مخالف اور رقم نہ دینے پر نشئی نوجوان نے بھاوج کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
پولیس نے لاشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کرکے قاتلوں کی تلاش شروع کردی۔ بتایا جاتا ہے کہ ملت ٹائون کے علاقہ عمیر ٹائون میں اسد عباس نامی نوجوان کی بعض ملزموں کے ساتھ عداوت بازی چلی آ رہی تھی۔ کل صبح مسلح ملزموں نے موقع پاکر فائرنگ کرکے اسد عباس کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ ترکھانی کے علاقہ 44گ ب میں نشئی نوجوان خلیل نے رقم نہ دینے پر فائرنگ کرکے بھابھی پروین بی بی کو بری طرح زخمی کر دیا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی۔


