لاہور( سپورٹس رپورٹر)2025کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ۔ تین فرسٹ کلاس ٹورنامنٹس بشمول کراچی میں جاری پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون پاکستان کے بمپر ڈومیسٹک کرکٹ کیلنڈر کے اہم ٹورنامنٹس ہوں گے۔ریڈ بال کے علاوہ وائٹ بال کے ٹورنامنٹس پر بھی توجہ دی جائے گی، جس میں ایک 50 اوور کا لسٹ-اے ایونٹ، تین ٹی ٹوئنٹی اور ایک نان فرسٹ کلاس تین روزہ ٹورنامنٹ شامل ہے۔ایج گروپ کرکٹ میں U15 اور U17 ٹورنامنٹس، اور چیمپئنز U19 ون ڈے کپ اور تین روزہ ٹرافی کے ساتھ ساتھ کچھ دلچسپ تبدیلیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔2025 میں کل 21 ڈومیسٹک، ایج گروپ اور پاتھ ویز ٹورنامنٹس ہونے والے ہیں۔
اس میں کم از کم 131 فرسٹ کلاس، 37پچاس اوور کے لسٹ-اے اور 119 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں۔مزید برآں، کلب، ایج گروپ، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ملک بھر میں 10,000 سے زیادہ میچز ہوں گے ۔18ٹیموں پر مشتمل قومی T20 کپ مارچ میں ہوگا اور یہ پاکستان بھر کے 16 علاقوں کے کھلاڑیوں کو مختصر ترین فارمیٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے مواقع فراہم کرے گا۔ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ II، نان فرسٹ کلاس تین روزہ ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹ، اپریل اور مئی میں منعقد کیا جائے گا۔ قائد اعظم ٹرافی اور چیمپیئنز کپ دو بڑے فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ ستمبر اور اکتوبر میں ہونگے۔50 اوور کا لسٹ-اے ٹورنامنٹ ، پریذیڈنٹ کپ گریڈ-I نومبر-دسمبر کی ونڈو کے لیے رکھا گیا ہے۔
جس کے بعد چیمپئنز T20 کپ کا دوسرا ایڈیشن ہوگا۔ چیمپئنز کپ ون ڈے ٹورنامنٹ جنوری 2026 میں کھیلا جائے گا۔ ایج گروپ اور پاتھ ویز پر پی سی بی نے U13 اور U16 کیٹیگریز کا دوبارہ جائزہ لیا ہے اور انہیں U15 اور U17 کے طور پر دوبارہ لانچ کیا ہے تاکہ قومی ٹورنامنٹس میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کی جاسکے۔
قومی انڈر 19 کپ ستمبر میں 18 علاقائی ٹیموں کے درمیان مقابلہ کیا جائے گا ۔ کلب، ضلعی اور علاقائی سطح سے کام کرنے کے بعدبہترین انڈر 19 مینز کرکٹرز کو پانچ مینٹورز کی رہنمائی میں افتتاحی پانچ ٹیموں کے چیمپئنز انڈر 19 کپ اور ٹرافی کے لیے جمع کیا جائے گا اور یہ دونوں ٹورنامنٹس اکتوبر اور نومبر میں ہوں گے۔ ڈسٹرکٹ انڈر 19 اور سینئر ایونٹس کے ساتھ ساتھ انٹر سکولز،کالجیٹ اور یونیورسٹیز ٹورنامنٹس بھی ہمیشہ کی طرح منعقد ہونگے



