راولپنڈی:(ویب ڈیسک )بانی پاکستان تحریک انصاف کے وکیل ایڈووکیٹ فیصل چوہدری کو اڈیالہ جیل کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے آئے تھے تاہم دوگھنٹے بعدرہا کردیا گیا ۔
رپورٹ کے مطابق فیصل چوہدری کو اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 سے تحویل میں لے لیا گیا، فیصل چوہدری کی گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے عملے سے تلخ کلامی ہوئی تھی ، فیصل چوہدری جیل میں جانے پر تاخیر پر مشتعل ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وکیل فیصل چوہدری کو اڈیالہ جیل میں داخلے سے روکنے کے معاملے پر ان کی عملے کے ساتھ تلخ کلامی بھی ہوئی تھی۔
فیصل چوہدری کی جانب سے پولیس اہلکاروں کو نازیبا الفاظ کہنے کی ویڈیو سامنے آئی تھی، جس میں فیصل چوہدری اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ کے سامنے نازیبا الفاظ استعمال کرتے رہے۔
بانی پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا تھا کہ مجھے کیوں روکا گیا، کس کی جرات ہے مجھے کلیئر نہیں کیا گیا، اس دوران اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ عمران ریاض فیصل چوہدری کو وضاحتیں دیتے رہے۔
فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ احتجاج پر مجھے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کے کمرے میں 2 گھنٹے تک بٹھایا گیا اور حبس بیجا میں رکھا گیا، جیل عملہ میرے اور میرے ساتھ آئے ہوئے سائلین کو ہراساں کرتا رہا۔



