لاہور، راولپنڈی میں سی سی ڈی کے مقابلے، 3مبینہ ڈاکو ہلاک
سی سی ڈی کوتوالی سے مقابلے میں ملزم کاشف مارا گیا، 96وارداتوں میں مطلوب تھا،راولپنڈی میں بدنام زمانہ اشتہاری عامر شاہ، عمر عرف ٹائیگر پار
لاہور،راولپنڈی(کرائم رپورٹر)لاہور اور راولپنڈی میں کرائم کنٹرول ڈپارٹمنٹ کے مبینہ مقابلوں میں مزید 3ڈاکو ہلاک ہوگئے۔لاہور میں سی سی ڈی کوتوالی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ملزم کاشف مارا گیا، ہلاک ملزم پنجاب بھرمیں قتل، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں کی 96 وارداتوں میں مطلوب تھا۔
بتایا گیا ہے کہ اہلکاروں نے موٹرسائیکل سوار دو افراد کو ناکے پر روکا تو انہوں نے پولیس پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ سے ملزم کاشف ہلاک ہوگیا۔
راولپنڈی کے علاقے ٹیکسلا میں سی سی ڈی ٹیم کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں بدنام زمانہ اشتہاری عامر شاہ ہلاک ہوگیا، جس پر قتل کے متعدد مقدمات درج تھے۔سی سی ڈی ٹیم نے موٹر سائیکل سواروں کو مشکوک جان کر روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائر کھول دیا، جوابی کارروائی میں ملزم عامر شاہ زخمی ہو گیا، جسے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ دم توڑ گیا۔ملزم کے ساتھی فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق عامر شاہ بدنام زمانہ اشتہاری اور قتل کے 12مقدمات میں انتہائی مطلوب تھا، ملزم نے ماضی میں دینہ کے قریب اے این ایف اہلکاروں کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔ملزم سوشل میڈیا پر پولیس اور اداروں کے افسران کو دھمکیاں دیتا تھا۔
صادق آباد کے علاقے میں پولیس نے ناکہ بندی کے دوران دو موٹرسائیکلوں پر سوار 5ملزموں کو کنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی، جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہوا جو ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔
ہلاک ملزم عمر عرف ٹائیگر قتل، گاڑیاں چوری، ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کے مقدمات میں ملوث و ریکارڈ یافتہ تھا جبکہ اسلحے کے زور پر علاقے میں دہشت پھیلا رکھی تھی اور شہریوں کو ڈراتا دھمکاتا بھی تھا۔ملزم کے ساتھی فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔



