مناسک حج کا آغاز، عازمین منیٰ پہنچ گئے، وقوف عرفہ آج ادا کیاجائیگا
رات منیٰ میں قیام اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعدرکن اعظم وقوف کیلئے عرفات روانگی،حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا ، وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کیلئے روانہ ہوں گے
مکہ مکرمہ:(ویب ڈیسک)مکہ مکرمہ میں مناسک حج کا آغاز ہوگیا، پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں عازمین حج کی منیٰ پہنچ گئے، حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ (آج)جمعرات کوادا کیا جائے گا۔
عازمین حج اپنی رہائشیوں میں2 رکعت نفل کی ادائیگی کے بعد احرام باندھ کر منیٰ روانہ ہوئے، عازمین کو ظہر سے قبل منیٰ پہنچے، جہاں ظہر، عصر اور مغرب، عشا کی نمازیں ایک ساتھ ادا کیں۔رات منیٰ میں قیام اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد (آج) نو ذی الحج کو حج کے رکن اعظم وقوف کےلئے عازمین میدان عرفات روانہ ہوں گے،جہاں وہ حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے اور سورج غروب ہونے تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔
نماز مغرب کی ادائیگی کے بعد حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے اور مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشا کی نمازیں ملا کر پڑھیں گے اور شیطان کو مارنے کےلئے کنکریاں جمع کریں گے۔حجاج کرام (آج)جمعرات کو مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے اور (کل)دس ذوالحج کو وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کیلئے روانہ ہوں گے، بڑے شیطان کو7 کنکریاں ماریں گے اور قربانی کریں گے، حجاج کرام حلق کرانے کے بعد احرام کھول دیں گے۔
11 ذوالحج کو حجاج کرام چھوٹے ،درمیانے اور بڑے شیطان کو 7،7 کنکریاں ماریں گے۔ رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کےلئے خانہ کعبہ روانہ ہوں گے، طواف زیارت کے بعد حجاج کرام صفا مروہ کی سعی کریں گے۔12 ذوالحج کو زوال آفتاب کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی، 13 ذوالحجہ کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منی سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہوجائیں گے۔



